نئی دہلی//
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے اپنے اپنے ممالک میں زیر حراست شہریوں اور ماہی گیروں کی رہائی کے لیے فہرستوں کا تبادلہ کیا ہے ۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان۲۰۰۸میں طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت ہر سال جنوری اور جولائی میں ایسے قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا جاتا ہے ۔
وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق ہندوستان نے اپنی تحویل میں۳۸۲پاکستانی قیدیوں اور۸۱ماہی گیروں کے نام پاکستان کو دیے ہیں جب کہ پاکستان نے اپنی تحویل میں موجود ۵۳ہندوستانیوں اور۱۹۳ماہی گیروں کے ناموں کی فہرست ہندوستان کے حوالے کر دی ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ ہندوستان نے اپنے قیدیوں، ماہی گیروں اور ان کی کشتیوں اور پاکستان کی حراست میں لاپتہ ہندوستانی دفاعی اہلکاروں کی جلد رہائی اور وطن واپسی کا مطالبہ کیا ہے ۔
ترجمان نے پاکستان سے۱۵۹ہندوستانی ماہی گیروں اور سویلین قیدیوں کی رہائی میں تیزی لانے کو بھی کہا ہے جنہوں نے اپنی سزا پوری کر لی ہے ۔ اس کے علاوہ ۲۶ ایسے قیدی ہیں جنہیں ہندوستانی شہری سمجھا جاتا ہے ، لہٰذا حکومت نے ان قیدیوں اور ماہی گیروں کو فوری قانونی سہولیات فراہم کرنے کو کہا ہے ۔
ہندوستان نے یہ بھی کہا ہے کہ ان تمام ہندوستانی قیدیوں اور ماہی گیروں کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جائے جن کی رہائی التوا میں ہے ۔