سرینگر/27اگست
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے منگل کو کہا کہ کانگریس کے ساتھ مل کر ان کا مقصد بی جے پی کے خلاف ایک مضبوط محاذ کی طرح لڑنا ہے۔
عمر نے کہا کہ پہلے مرحلے کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا آج آخری دن ہے۔” ہم نے اپنا منشور اور روڈ میپ دیا ہے۔ ہم نے کانگریس کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم کے معاہدے پر فیصلہ کیا ہے۔ ہمارا مقصد بی جے پی کے خلاف ایک مضبوط محاذ کی طرح لڑنا ہے تاکہ کامیابی کے امکانات میں مزید اضافہ ہو۔ ہمیں افسوس ہے کہ سیٹوں کی تقسیم میں کچھ ایسے لوگوں کو چھوڑ دیا گیا جو ان انتخابات میں حصہ لینا چاہتے تھے“۔
جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے لئے دونوں پارٹیوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے معاہدے کے مطابق نیشنل کانفرنس (این سی) 90 میں سے 51 نشستوں اور کانگریس 32 نشستوں پر انتخاب لڑے گی۔ دونوں پارٹیوں کے درمیان پانچ نشستوں پر ’دوستانہ مقابلہ‘ بھی ہوگا۔
دونوں پارٹیوں نے سی پی آئی (ایم) اور پینتھرس پارٹی کے لئے ایک ایک نشست چھوڑی ہے۔
نیشنل کانفرنس نے 18 امیدواروں کی فہرست کا اعلان کیا جبکہ کانگریس نے 9 امیدواروں کی پہلی فہرست کا اعلان کیا۔
بی جے پی نے جموں و کشمیر انتخابات کے لئے پیر کو اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی۔ اس کے بعد پارٹی نے کونکر ناگ سیٹ سے اپنے امیدوار کا اعلان کیا اور کل16 امیدواروں کے نام بھی پیش کیے۔
اس فہرست میں جموں و کشمیر کے دونوں خطوں کے امیدواروں کے نام شامل ہیں۔جموں و کشمیر میں تین مرحلوں میں 18 ستمبر، 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ووٹوں کی گنتی 4 اکتوبر کو ہوگی۔
جموں و کشمیر کے 90 اسمبلی حلقوں کے لئے ووٹنگ ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مرکز کے زیر انتظام علاقے میں 88.06 لاکھ رائے دہندگان ہیں۔