سرینگر،27/اگست
دہشت گردی کی فنڈنگ کے معاملے میں جیل میں بند معروف مذہبی رہنما سرجان احمد وگے آزاد امیدوار کے طور پر جموں و کشمیر میں آئندہ قانون ساز اسمبلی انتخابات میں حصہ لیں گے۔
اہل خانہ نے بتایا کہ وہ آج شوپیاں کے ڈی سی دفتر میں کاغذات نامزدگی داخل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی برکاتی کے آبائی گاو¿ں ریبن میں مقامی لوگوں کے ساتھ ایک میٹنگ کر چکے ہیں اور اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے لئے شوپیاں روانہ ہوں گے۔
توقع ہے کہ برکاتی کی بیٹی کاغذات نامزدگی داخل کرنے سے پہلے پریس کانفرنس کریں گی۔
برکاتی، جو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد 2016 کے احتجاج کا چہرہ تھے، کو یکم اکتوبر 2016 کو گرفتار کیا گیا تھا اور اکتوبر 2020 میں رہا کیا گیا تھا۔
بعد ازاں اسے گزشتہ سال اگست میں ریاستی تحقیقاتی ایجنسی نے دہشت گردی کی فنڈنگ کے ایک معاملے میں دوبارہ گرفتار کیا تھا اور وہ اب بھی حراست میں ہے۔ بعد میں اس کی بیوی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
اس دوران نیشنل کانفرنس کے ڈاکٹر بشیر احمد ویری اور عبدالمجید لارمی نے بالترتیب بجبہاڑہ اور اننت ناگ ویسٹ کے اسمبلی حلقوں کے لئے منگل کے روز کاغذات نامزدگی جمع کئے ۔دونوں لیڈران منگل کی صبح ضلع مجسٹریٹ اننت ناگ پہنچے اور وہاں ریٹرنگ افسر کے سامنے اپنے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کر دئے ۔اس دوران پارٹی کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ان کے ہمراہ تھے ۔
اس موقع پر انہوں نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا”کئی ساتھی ایسے ہیں جنہوں نے گذشتہ پانچ دس برسوں کے دوران بہت محنت کی اور وہ نیشنل کانفرنس کی ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کی امید رکھتے تھے لیکن سیٹ شیئرنگ کی وجہ سے کچھ رہ گئے جس کا ہمیں افسوس ہے “۔ان کا کہنا تھا”ہم چاہیں گے ان کو کسی نہ کسی طرح ایڈجسٹ کیا جائے تاکہ وہ پارٹی اور عوام کی خدمت کرتے رہیں گے “۔
بجبہاڑہ سیٹ کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہا”جہاں تک بجبہاڑہ کی سیٹ کا تعلق ہے تو مجھے خوشی ڈاکٹر بشیر احمد کو منڈیٹ ملنے پرنہیں ہے بلکہ مجھے خوشی اس بات پر ہے کہ ان کا بھائی واپس آیا ہے “۔انہوں نے کہا”سیاست کی وجہ سے کسی کے گھر میں تناﺅ ہو اچھی بات نہیں ہے “۔ان کا کہنا تھا”میں ذاتی طور پر اس بات کو جانتا ہوں کیونکہ سیاست نے ہمارے گھر کو بھی وقتاً فوقتاً تہس نہس کر دیا“۔
بتادیں کہ جموں و کشمیر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی 24 سیٹوں کے لئے آج یعنی منگل کو کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے ۔کاغذات کی جانچ پڑتال 28 اگست کو ہوگی جبکہ کاغذات نامزدگی واپس نکالنے کی آخری تاریخ 30 اگست مقرر ہے ۔
جموں و کشمیر میں تین مرحلوں پر محیط اسمبلی انتخابات کا پہلا مرحلہ 18 ستمبر کو جبکہ دوسرا اور تیسرا مرحلہ بالترتیب 18 ستمبر اور یکم اکتوبر کو منعقد ہوگا جبکہ ووٹوں کی گنتی 4 اکتوبر کو ہوگی۔