سرینگر/۲۷اگست
جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ‘طارق قرہ کا کہنا ہے کہ کانگریس ، نیشنل کانفرنس اتحاد کا مقصد لوگوں کی بدحالی کو ہمیشہ کے لئے دور کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد محض تعداد یا اسمبلی حلقوں کے متعلق نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اس اتحاد سے خوفزدہ ہے ۔
یونٹ صدر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں نامہ نگاروں کے ساتھ کیا جہاں وہ پارٹی امید وار غلام احمد میر کے ہمراہ تھے جنہوں نے ڈورو اسمبلی حلقے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کئے ۔
قرہ نے کہا”نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان اتحاد تعداد یا اسمبلی حلقوں کا اتحاد نہیں ہے بلکہ لوگوں کو بدحالی سے ہمیشہ کے لئے باہر نکالنے کا اتحاد ہے“۔ان کا کہنا تھا”لوگوں کو صاف دکھائی دے رہا ہے کہ بی جے پی اس اتحاد سے خوفزدہ ہے “۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے جو بساط بچھائی تھی وہ اس اتحاد سے متزلزل ہوئی ہے ۔
بتادیں کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان پیر کے روز قبل ازانتخابات اتحاد کو حتمی شکل دے دی گئی۔
فارمولہ کے تحت نیشنل کانفرنس جموں وکشمیر کی51 اورکانگریس 32سیٹوں پر متحدہ طورپر الیکشن لڑیں گی جبکہ پانچ نشستوں پر دوستانہ مقابلہ ہوگا۔ ہرش دیو سنگھ کی پنتھرس پارٹی اورسی پی آئی ایم کو بالترتیب ایک ایک نشست دے دی گئی۔
اس دوران آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے جنرل سکریٹری اور سینئر کانگریس لیڈر غلام احمد میر نے منگل کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ڈورو اسمبلی حلقے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کئے ۔
میر نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا”جموں کشمیر میں گذشتہ دس برسوں سے کوئی عوامی نمائندگی نہیں ہے ،جو ظلم یہاں بی جے پی اور مرکزی سرکار نے کئے اس سے لوگوں کا دم گٹھ گیا تھا“۔
کانگریسی لیڈرنے ”انڈیا الائنس نے پارلیمنٹ کے اندر بھی اور باہر بھی جموں و کشمیر میں جمہوریت کی بحالی کا مطالبہ کیا“۔ان کا کہنا تھا”جموںکشمیر کے لوگ اسمبلی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور اچھے ایجنڈے والی جماعت کو ووٹ دیں گے“۔
بی جے پی کے کانگریس کے الیکشن منشور پر سوال اٹھانے کے بارے میں میر نے کہا”بی جے پی انڈیا الائنس کے اتحاد سے ڈرتی ہے ۔ہمیں امید ہے کہ جموں وکشمیر کے لوگ اس مضبوط اتحاد کو ووٹ دیں گے تاکہ اسمبلی میں ان کی آواز کو بلند کیا جاسکے “۔
بتادیں کہ جموں و کشمیر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی 24 سیٹوں کے لئے آج یعنی منگل کو کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے ۔
کاغذات کی جانچ پڑتال 28 اگست کو ہوگی جبکہ کاغذات نامزدگی واپس نکالنے کی آخری تاریخ 30 اگست مقرر ہے ۔جموں و کشمیر میں تین مرحلوں پر محیط اسمبلی انتخابات کا پہلا مرحلہ 18 ستمبر کو جبکہ دوسرا اور تیسرا مرحلہ بالترتیب 18 ستمبر اور یکم اکتوبر کو منعقد ہوگا جبکہ ووٹوں کی گنتی 4 اکتوبر کو ہوگی۔