نئی دہلی/۶جولائی
ہندوستانی فوج کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں، سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے اس سال جموں کشمیر میں ۲۷ملی ٹنٹوں کو ہلاک کیا ہے۔
سی آر پی ایف نے بتایا کہ اس فہرست میں آٹھ مقامی اور 19 غیر ملکی ملی ٹنٹ شامل ہیں جنہیں اس سال ۵ جولائی تک جموں کشمیر میں مار ڈالا گیا۔
سی آر پی ایف کے ایک سینئر آفیسرکاکہنا ہے”سال 2022 میں، مجموعی طور پر 187 دہشت گردوں کو سیکورٹی فورسز نے وادی میںہلاک کیا جس میں 130 مقامی دہشت گرد اور 57 غیر ملکی دہشت گرد شامل ہیں“۔
آفیسر نے بتایا کہ اگر وہ پچھلے سالوں سے موازنہ کریں تو وادی میں غیر ملکی دہشت گردوں میں زبردست کمی آئی ہے۔ان کاکہنا تھا”اس سال مختلف کارروائیوں میں 16 نکسلیوں کو گرفتار کیا گیا ہے“۔
23 جون کو کپواڑہ کے مچھل سیکٹر کے کالا جنگل میں ایک مشترکہ آپریشن میں چار ملی ٹنٹ مارے گئے تھے۔
آفیسر کاکہنا تھا کہ جموں و کشمیر نے دہشت گردی کو شکست دی ہے اور ایک پسماندہ اور دہشت گردی سے متاثرہ خطے سے ملک کے سب سے زیادہ متحرک مقامات میں سے ایک میں تبدیل ہو گیا ہے۔
ایک سرکاری عہدیدار کاکہنا ہے کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی‘ جو کہ آئین میں ایک عارضی شق تھی‘ کے بعد حکومت نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو سماجی و اقتصادی بااختیار بنانے کے لیے لامتناہی مواقع کھولنے کے لیے متعدد اصلاحی اور نوجوانوں پر مبنی اقدامات کیے ہیں اور اس کے نتائج واضح ہیں۔ (ایجنسیاں)