نئی دہلی/۶ جولائی
سپریم کورٹ نے جموں کشمیر میں فوری اسمبلی انتخابات کرانے کے لیے الیکشن کمیشن اور حکومت کو ہدایت دینے کی درخواست پر سماعت جمعرات کو ملتوی کر دی۔
چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا اور منوج مشرا پر مشتمل بنچ نے نوٹ کیا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کو 11 جولائی کو سماعت کے لیے درج کیا گیا ہے۔
بنچ نے کہا”ہم اسے ملتوی کر دیں گے۔ 370 کا معاملہ 11 جولائی کو ہدایات کے لیے درج ہے“۔
درخواست گزاروں کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل نے کہا کہ یہ ایک الگ معاملہ ہے کیونکہ مکینوں کو حق رائے دہی سے محروم کر دیا گیا ہے اور عدالت عظمیٰ پر زور دیا کہ وہ اس معاملے میں نوٹس جاری کرے۔
تاہم بنچ نے نوٹس جاری کرنے سے انکار کرتے ہوئے معاملہ ملتوی کر دیا۔
سپریم کورٹ نیشنل پینتھرس پارٹی (جے کے این پی پی) کے لیڈروں منجو سنگھ اور ہرش دیو سنگھ کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کر رہی تھی جس میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کو بغیر کسی تاخیر کے یونین ٹیریٹری میں انتخابات کرانے کی ہدایت کی درخواست کی گئی تھی۔ (ایجنسیاں)