ڈوڈہ؍۱۹ ستمبر
جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع کے مرمت علاقے میں ہفتہ کو ایک سڑک حادثے میں بولیرو گاڑی الٹنے سے ڈرائیور ہلاک جبکہ پانچ مسافر زخمی ہوگئے۔
حکام نے بتایا کہ بولیرو گاڑی مرمت کے علاقے میں ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر الٹ گئی۔حادثے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت گلزار احمد ساکن کلہوٹہ کے طور پر کی گئی ہے۔
زخمیوں میں اشون سنگھ، پون کمار، پنکو کمار، کلیان سنگھ اور بلبیر سنگھ شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ڈوڈہ منتقل کیا گیا۔
پولیس نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
اس دوران رام بن ضلع میں ہفتہ کو جموں سری نگر قومی شاہراہ (این ایچ۴۴ ) پر بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں کو لے جانے والی ایک گاڑی الٹ جانے سے کم از کم پانچ اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام نے یہ اطلاع دی۔
حکام کے مطابق بی ایس ایف کی مذکورہ گاڑی جموں جانے والے قافلے کا حصہ تھی اور حادثہ قومی شاہراہ پر چمبا سیری کے قریب پیش آیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کی گئی اور زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
زخمی ہونے والوں میں سب انسپکٹر گھر سنگھ، ڈرائیور شمیم احمد اور کانسٹیبل سنیل کمار، پرشتوم کمار اور چندن یادو شامل ہیں۔
حکام نے بتایا کہ ڈرائیور شمیم احمد، جو شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کا رہائشی ہے، کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )










