کٹھوعہ/جموں//
جموں و کشمیر کے کٹھوعہ اور پونچھ اضلاع میں پیر کو۹ پولیس اہلکاروں سمیت ۲۱؍ افراد کو سیلاب سے بچایا گیا۔
حکام نے بتایا کہ پیر کو اْجھ ندی میں سیلاب میں پھنسے ہوئے درجن بھر افراد کے بارے میں اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے‘ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کے اہلکاروں کے ساتھ ایک پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور علاقے میں بچاؤ آپریشن شروع کیا۔
حکام نے بتایا کہ اونچے علاقوں میں بارش کی وجہ سے دریا میں پانی کی سطح بڑھ گئی جس میں چار خواتین سمیت ۱۲؍ افراد پھنس گئے۔
کٹھوعہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رمیش کوتوال نے بتایا کہ پولیس نے ایس ڈی آر ایف کی ٹیم کے ساتھ مل کر خواتین سمیت ۱۲؍ افراد کو اوجھ ندی میں اچانک سیلاب سے بچایا۔انہوں نے مقامی لوگوں سے بارش کے موسم کے پیش نظر دریائے اْجھ پر نہ جانے کی بھی اپیل کی۔
حکام نے بتایا کہ اسی طرح کے ایک اور واقعے میں، نو پولیس اہلکار اس وقت پھنس گئے جب پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول پر چکن دا باغ علاقے میں ایک پولیس چوکی میں سیلابی پانی داخل ہو گیا۔انہوں نے بتایا کہ بادل پھٹنے کی وجہ سے سیلاب آیا اور پولیس اہلکاروںنے پولیس چوکی کی چھت پر پناہ لی۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کی ٹیمیں علاقے میں پہنچیں اور پولیس اہلکاروں کو سیلاب زدہ پولیس چوکی سے بچایا۔
مغل روڈ پر بفلیاز کے علاقے کے قریب پتھراؤ سے کم از کم تین ٹرکوں کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے مزید کہا کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔