سرینگر؍۲۲ جولائی
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سینئر افسران سے بات چیت کی اور زمینی حالات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ضلعی انتظامیہ، ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)، قومی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، جموں و کشمیر پولیس، بھارتی فوج، بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او)، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) اور دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے جاری امدادی اور بچاؤ کارروائیوں کا جائزہ لیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا’’میں نے آج سینئر افسران سے بات کر کے جموں و کشمیر کے ان اضلاع کی زمینی صورتحال کا جائزہ لیا جو شدید بارشوں، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جائزہ اجلاس کے دوران مجھے ضلعی انتظامیہ، ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، جموں و کشمیر پولیس، بھارتی فوج، بی آر او، این ایچ اے آئی، محکمہ صحت، پی ڈبلیو ڈی اور جل شکتی محکمہ کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ میں نے تمام ٹیموں کو ریسکیو کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ پونچھ اور راجوری میں مشترکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ جموں ڈویژن میں۴۰۰ سے زائد متاثرہ سڑکیں بحال کی جا چکی ہیں‘‘۔
ایل جی نے مزید کہا’’میں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ حساس علاقوں کے نزدیک محفوظ اور اہم مقامات پر افرادی قوت اور مشینری پہلے سے تعینات رکھی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔ ساتھ ہی عوام کو بروقت موسمی انتباہات جاری کیے جائیں اور انہیں زیادہ خطرے والے علاقوں کی جانب غیر ضروری سفر سے باز رہنے کی تلقین کی جائے‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بتایا کہ انہوں نے ڈپٹی کمشنر رام بن سے بھی بات کی اور پتھر گرنے کے افسوسناک حادثے کے بارے میں معلومات حاصل کیں، جس میں دو قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔
سنہا نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کو اس مشکل گھڑی میں ہر ممکن تعاون اور امداد فراہم کی جائے










