سرینگر//
وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر،جموں شاہراہ جمعرات کو ٹریفک کی نقل و حمل کے بند رہی۔
جمعہ کو بھی شاہراہ ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند رہے گی ۔
ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ اس قومی شاہراہ کو بدھ کے روز درماندہ گاڑیوں کی نقل و حمل کیلئے کچھ وقت کیلئے کھول دیا گیا تھا لیکن بعد میں موسلا دھار بارشوں کے باعث رام بن میں چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے اس کو ایک بار پھر بند کر دیا گیا۔
عہدیدار نے کہا کہ قریب ایک ہزار گاڑیاں جن میں امر ناتھ یاتریوں کی گاڑیاں بھی شامل ہیں، شاہراہ کے مختلف مقامات پر درماندہ ہوئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قومی شاہراہ رام بن میں کیفٹریا موڑ پر گذشتہ شام سے بند ہے ۔
دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ رام بن نے لوگوں سے اس شاہراہ پر فی الوقت سفر کرنے سے اجتناب کرنے کی اپیل کی ہے ۔
ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل پر ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے ۔
بتادیں کہ سرینگر، جموں شاہراہ اہلیان وادی کیلئے شہہ رگ کی حیثیت رکھتی ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اس کے بند ہونے سے جہاں وادی کے بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قلت اپیدا ہوجاتی ہے وہیں گراں فروشی بھی آسمان چھونے لگتی ہے ۔