بارہمولہ//
جموں کشمیر اپنی پارٹی کے صدر ‘ الطاف بخاری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت جموں کشمیر کی ترقی کیلئے کام کریگی ۔
ایک بیان کے مطابق اپنی پارٹی کے صدر نے بارہمولہ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب میں کہا’’میں یہاں پر اتنی بھاری تعداد میں لوگوں کو دیکھ کر بہت خوش ہوا ہوں، بارہمولہ میرا آبائی قصبہ ہے اور میں آپ سب کا شکرگذار ہوں کہ آپ بھاری تعداد میں یہاں مجھے سْننے کیلئے جمع ہوئے۔‘‘
بخاری نے کہا’’ایسی عوامی ریلیاں ، غلط پروپگنڈ کرنے والے اْن لوگوں کو جواب ہے جویہ کہتے ہیں کہ جموں وکشمیر میں زمینی سطح پر اپنی پارٹی کو زمینی سطح پر کوئی حمایت حاصل نہیں‘‘۔
اپنی پارٹی کے صدر نے کہا اْنہیں اور اْن کی جماعت کو صداقت اور ایمانداری پر مبنی سیاست پر پختہ یقین ہے۔اْنہوں نے کہا’’آپ جانتے ہیں کہ روایتی سیاسی جماعتوں نے پچھلے ۷۵سالوں کے دوران جذباتی نعروں سے آپ کو گمراہ کیا، جو آخرکار اس جگہ پر صرف مسائل اور اموات ہی ہوئیں‘‘۔
اپنی پارٹی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ’’اِن روایتی سیاسی جماعتوں نے محاذ رائے شماری، خود مختاری اور سیلف رول کے نام پر جذباتی نعرے لگاکر بیوقوف بنایا اور اب بھی یہ عمل جاری ہے۔ انہوں نے دلچسپ نعروں سے لوگوں کو للچائے رکھا ، صرف اِس با ت کو یقینی بنانے کیلئے کہ وہ اقتدار میں بنے رہیں۔ اِن سیاسی جماعتوں اور اِن کے لیڈران نے لوگوں کو یہ یقین دلایاکہ وہ آئین ِ ہند کی دفعہ۳۷۰کے محافظ ہیں ، لیکن بالآخر پانچ اگست۲۰۱۹کا سانحہ ہوا کہ اِس دفعہ کو ہی ہٹادیاگیا۔ اب یہی جماعتیں اور سیاستدان بے شرمی کے ساتھ لوگوں کو پھر یہ کہہ کر بیوقوف بنانا چاہتے ہیں کہ وہ اِس دفعہ کو وآپس لائیں گے‘‘۔
بخاری نے لوگوں سے کہاکہ وہ اِن روایتی سیاسی جماعتوں کے دھوکے باز وعدوں پر یقین نہ کریں۔ انہوں نے کہا’’برائے کرم بار بار اِن روایتی سیاسی جماعتوں سے دھوکہ نہ کھائیں، آپ نے پچھلے۷۵سالوں کے دوران جھوٹ اور دھوکہ دہی کی بہت سیاست دیکھی، اِن نام نہاد سیاستدانوں نے آپ کو ہر بار صرف اقتدار میں آنے کیلئے گمراہ کیا‘‘۔
اپنی پارٹی کے ایجنڈہ اور پالیسیوں کی وضاحت کرتے ہوئے بخاری نے بتایا ’’اپنی پارٹی جموں وکشمیر میں امن، خوشحالی اور ترقی کی خاطر کام کرنے کیلئے ہے، ہمارا موقف اور نظریہ واضح ہے، ہم اْس سیاست پر یقین نہیں رکھتے جوہمارے نوجوانوں کو جیل یا قبرستان میں پہنچائے، ہم اپنی نوجوان نسل کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں۔‘‘
بخاری نے کہاکہ اگر اپنی پارٹی کو عوام کی خدمت کیلئے منڈیٹ دیاگیا تو جموں وکشمیر کے لوگوں کی اقتصادی ترقی کو یقینی بنانا، اِس کی ترجیحات میں رہے گا۔انہوں نے کہا’’ہماری باغبانی صنعت میں اِتنی صلاحیت ہے کہ یہ ہماری مجموعی اقتصادیات کی ریڑھ کی ہڈی بن سکتی ہے لیکن اِس چند مسائل کا سامنا ہے۔
جیلوں میں قید نوجوانوں کی رہائی کے مطالبہ کو دوہراتے ہوئے اپنی پارٹی صدر نے کہا’’نوجوان جوجیلوں میں قید وبند کی زندگی گذار رہے ہیں، وہ ہمارے بچے ہیں ، ہمارے عزیز ہیں، حکومت کو چاہئے کہ اْنہیں بہتر زندگی جینے کا موقع فراہم کرے۔ بہت سارے لوگ بے صبری سے جیلوں سے باہر آنے کے منتظر ہیں، لہٰذا حکومت کو چاہئے کہ اْنہیں والدین اور گاؤں کے سربراہان کی ضمانت پر رہاکرے۔‘‘