سرینگر//
پولیس نے وسطی ضلع بڈگام کے بیرہ علاقے میں لوگوں کو لوٹنے والے ایک گروہ کا پردہ فاش کرکے پانچ لٹیروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بیروہ میں ایک ایف آئی آر درج ہے ۔
ترجمان نے بیان میں کہا’’اس گروہ کا طریقہ کار یہ تھا کہ یہ کسی شخص یا اشخاص کو فون کرکے گھر پر بلاتے تھے اور بعد میں چاقو دکھا کر اس کو ڈرا دھمکاتے تھے اور اس کے پاس جو کچھ بھی ہوتا تھا وہ لوٹ لیتے تھے ‘‘۔
بیان میں کہا گیا’’اس علاوہ یہ گروہ ‘ایک خاتون، جو ایک گینگ رکن کی زوجہ ہے ، کے ساتھ اس شخص کا ویڈیو بناتے تھے اور اس کو وائرل نہ کرنے کے بدلے میں پیسوں کا تقاضا کرتے تھے ‘‘۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ ملزم کے انکشاف پر شکایت کنندہ سے چھینا گیا سیل فون، نقدی رقم اور دیگر چیزوں کے علاوہ اس کو ڈرانے کیلئے استعمال کئے جانے والے چاقو بھی بر آمد کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ملزم کے کچھ سیل فون جن میں کچھ قابل اعتراض ویڈیوز اور تصویریں اور کچھ دوسرا مواد موجود ہیں، کو بھی ضبط کیا گیا ہے ۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ پانچوں ملزموں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔گرفتار شدگان کی شناخت مشتاق احمد بٹ ولد غلام نبی بٹ ساکن ہانجی گرو(مکان مالک)، روف احمد ڈار عرف کانٹرو ولد عبدالرشید ڈار ساکن آری زال، مشتاق احمد خان عرف جمال ولد غلام حسن خان ساکن آری زال، فاروق احمد گنائی ولد رمضان گنائی ساکن کرل نیوا اور مشتاق احمد بٹ ساکن ہانجی گرو کی زوجہ جس کا نام مخفی رکھا گیا ہے ، کے بطور ہوئی ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ اس کیس کے سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔