جموں/۱۸مارچ
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ جموں وکشمیر کے دو روزہ دورے پر جمعے کی شام کو جموں پہنچے ۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ جمعے کی شام کو جموں پہنچے اور ائر پورٹ پر بھاجپا کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ ، کوندر گھپتا اور دوسرے سینئر لیڈران نے اُن کا استقبال کیا۔
وزیر داخلہ کے جموں دورے کے پیش نظر پورے صوبے میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ امیت شاہ جمعے کی شام کو جموں کے ہوا ئی اڈے پر پہنچے جہاں جموں وکشمیر بھاجپا یونٹ کے صدر رویندر رینہ کے علاوہ سیول و سیکورٹی عہدیداروں نے اُن کا شاندار استقبال کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ہفتے کے روز وزیر داخلہ جموں میں سی آر پی ایف کی رائزنگ ڈے تقریب میں شرکت کے بعد کشمیرکی سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیں گے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی آر پی ایف ، بی ایس ایف ، آرمی اور سراغ رساں ایجنسیوں کے سینئر آفیسران ایک روز قبل ہی جموں وارد ہوئے ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ جموں وکشمیر یوٹی کے ایل جی منوج سنہا سے بھی ملاقات کریں گے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر جموں و کشمیر بالخصوص جموں صوبے میں سیکورٹی کے مثالی انتظامات کئے گئے ہیں۔
حکام نے جموں صوبے کے قرب و جوار میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو ناکام بنانے کیلئے بھاری تعداد میں سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔
ایک سینئر پولیس آفیسر نے بتایا کہ وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر جموں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا’’شہر میں مختلف مقامات پر عارضی ناکے بٹھائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سرحدی علاقوں میں نگرانی بڑھائی گئی ہے ۔‘‘