سرینگر/۱۶جولائی
سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے۱۴۵حاجیوں پر مشتمل پہلا قافلہ ہفتے کی صبح واپس لوٹا۔
حاجی صاحبان کے اس پہلے قافلے کی پرواز نے صبح کے۷بجکر۵ ۰منٹ پر سری نگر ائیر پورٹ پر لینڈ کیا اور ان کے استقبال کے لئے صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے ، ڈی آئی جی وسطی کشمیر سجیت کمار، ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز مرزا اور جموں و کشمیر حج کمیٹی کے ایگزیکیٹو افسر عبدالسلام میر موجود تھے ۔
جموں وکشمیر حج کمیٹی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ۱۴۵حاجیوں پر پہلا قافلہ سری نگر ہوائی اڈے پر پہنچا۔
دریں اثنا حاجی صاحبان کی واپسی کے پیش نظر سری نگر ہوائی اڈے پر ان کی امیگریشن کلیئرنس کو بغیر کسی دقت کے یقینی بنانے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔
امسال ملک کے قریب۸۰ہزار لوگوں نے فریضہ حج انجام دیا ان میں سے۷ہزار کا تعلق جموں وکشمیر سے تھا۔
جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے حاجیوں کی آخری پرواز یکم اگست کو سری نگر ہوائی اڈے پر لینڈ کرے گی۔
قابل ذکر ہے کہ فریضہ حج کی ادائیگی کےلئے جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے عازمین کا پہلا قافلہ۵جون کو سری نگر ہوائی اڈے سے روانہ ہوا تھا اور یہ قافلہ بھی۱۴۵عازمین پر مشتمل تھا۔