ایجنسیز
سرینگر؍۵ مارچ
کرائم برانچ کشمیر کے اسپیشل کرائم وِنگ(ایس سی ڈبلیو )نے بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر نوجوانوں سے دھوکہ دہی کرنے والے ایک عادی جعلساز کو ہریانہ کے فریدآباد سے گرفتار کر لیا ہے۔
ملزم پر الزام ہے کہ اس نے سرینگر کے متعدد بے روزگار نوجوانوں کو آرمینیا سمیت بیرونِ ملک ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر ان سے رقم بٹوری۔
حکام کے مطابق اسپیشل کرائم وِنگ کی ایک خصوصی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو فریدآباد سے گرفتار کیا۔ گرفتار شدہ شخص کی شناخت فرحت عباس ملک ولد دین محمد ملک ساکن ٹنڈلا چلی پنگل ضلع ڈوڈہ کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ کرائم برانچ کشمیر کے پولیس اسٹیشن ایس سی ڈبلیو میں درج ایف آئی آر نمبر۰۲/۲۰۲۵کے سلسلے میں گزشتہ کئی ماہ سے گرفتاری سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم مبینہ طور پر بے روزگار نوجوانوں کو بیرونِ ملک ملازمت دلانے کے جھوٹے وعدے کر کے ان سے رقم وصول کرتا تھا اور بعد میں غائب ہو جاتا تھا۔
فریدآباد سے گرفتاری کے بعد ملزم کو وہاں کی ڈیوٹی مجسٹریٹ عدالت سے ٹرانزٹ ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد سرینگر منتقل کر کے مجاز عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔
ادھر کرائم برانچ کشمیر کے اسپیشل کرائم وِنگ نے عام لوگوں، خصوصاً ملازمت کے متلاشی نوجوانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی جاب پلیسمنٹ ایجنسی یا کنسلٹنسی کو رقم ادا کرنے سے پہلے اس کی صداقت اور قانونی حیثیت کی مکمل تصدیق کر لیں تاکہ اس طرح کی دھوکہ دہی سے بچا جا سکے۔










