جموں: فوج کی وائٹ نائٹ کور کا کہنا ہے کہ ضلع کشتواڑ کے چھاترو علاقے میں۳۲۶دنوں پر محیط ایک طویل ہائی آلٹیٹیوڈ مشترکہ آپریشن کے دوران سات دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
ایکس پر جاری ایک بیان میں وائٹ نائٹ کور نے اس آپریشن کو’گالینٹ پرسیویرنس‘ کا نام دیتے ہوئے کہا کہ کشتواڑ کے دشوار گذار پہاڑی علاقوں میں۳۲۶ دنوں سے زیادہ عرصے تک انتھک اور مشقت سے بھرپور ہائی آلٹیٹیوڈ مشترکہ آپریشنز انجام دئے گئے۔
انہوں نے کہا’’وائٹ نائٹ کور کے جوانوں نے جموں وکشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کے اشتراک سے کارروائیاں انجام دیں اور یہ آپریشنز سول اور فوجی انٹلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے قائم ایک مضبوط انٹلی جنس گرڈ کی بنیاد پر چلائے گئے‘‘۔
پوسٹ میں کہا گیا’’فورسز نے شدید سردی اور برفانی صورتحال میں دشوار پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کا تعاقب کیا جس دوران طرفین کے درمیان متعدد بار آمنا سامنا ہوا اور بالآخر تمام سات دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا‘‘۔
بیان کے مطابق آپریشن کے دوران جدید ٹیکنالوجی بشمول ایف پی وی ڈرونز، سیٹلائٹ امیجری، آر پی اے/یو اے ویز اور مواصلاتی نظام کا بھر پور استعمال کیا گیا تاکہ کارروائی میں مدد مل سکے۔
فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ سیف اللہ اور اس کے ساتھیوں کی ہلاکت سے علاقے میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی فورسز اور انٹلی جنس ایجنسیوں کے عزم، حوصلے اور بہادری کا عکاس ہے۔
کور نے اپنے پیغام میں کہا’’ہم خدمت کرتے ہیں، ہم حفاظت کرتے ہیں۔‘‘










