سرینگر:جموں کے سرحدی گاؤں میں واقع جووینائل ہوم سے فرار ہونے والے دو پاکستانی شہریوں کو واقعے کے۲۴گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا، حکام نے منگل کو بتایا۔
تاہم ان کے ساتھ فرار ہونے والا مقامی گینگسٹر ابھی تک مفرور ہے اور اس کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
آر ایس پورہ کے ڈبلہار کا رہائشی کرجیت سنگھ عرف گُگّا اور پاکستان کے شہری محمد ثناء اللہ اور احسن انور نے مبینہ طور پر پیر شام تقریباً۵بجے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا اور جووینائل ہوم سے فرار ہوگئے۔ اس واقعے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
حکام نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے پاکستانی شہریوں کا سراغ پنجاب کے لدھیانہ کے ایک گاؤں میں لگایا اور بعد میں انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ آر ایس پورہ سیکٹر میں واقع جووینائل مرکز سے تین قیدیوں‘ دو پاکستانی شہریوں اور ایک مقامی گینگسٹر‘ کے فرار ہونے کے بعد فرائض میں کوتاہی کے الزام میں چھ پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔
کرجیت سنگھ عرف گُگّا اور پاکستان کے شہری محمد ثناء اللہ اور احسن انور نے پیر کو شام تقریباً۵:۱۵بجے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا اور جووینائل ہوم سے فرار ہوگئے۔ اس واقعے میں دو اہلکار زخمی ہوئے۔
حکام نے بتایا کہ ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت چھ پولیس اہلکاروں کو واقعے کے سلسلے میں فرائض میں غفلت پر معطل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معطلیاں محکمانہ انکوائری کا حصہ ہیں جس میں یہ معلوم کیا جائے گا کہ فرار کیسے ہوا، سکیورٹی کیسے متاثر ہوئی اور تعینات اہلکاروں سے کوئی غفلت تو نہیں ہوئی۔
فرار کے بعد تشکیل دی گئی خصوصی ٹیموں نے مفرور افراد کی تلاش میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔
پولیس نے بھارتیہ نیائے سنہتاکی ۱۰۹ دفعات ۱۰۹(قتل کی کوشش)‘۱۳۲(سرکاری ملازم کو فرائض کی انجام دہی سے روکنے کیلئے حملہ)‘۲۶۲(قانونی حراست سے مزاحمت یا فرار)‘۳۰۷(جان، چوٹ یا روکنے کی تیاری کے ساتھ چوری)‘۱۱۱(منظم جرم) اور آرمز ایکٹ کی دفعات۳؍اور۲۵(غیر مجاز اسلحہ رکھنے، لے جانے یا استعمال) کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔
جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نالین پربھات اور انسپکٹر جنرل جموں زون بھیم سین توتی دیگر افسران کے ہمراہ واقعے کے بعد موقع پر پہنچے اور سازش سمیت مختلف پہلوؤں کی تحقیقات کیلئے محکمانہ انکوائری شروع کی گئی، جس میں قیدیوں کے پاس دیسی پستول پہنچنے کا معاملہ بھی شامل ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک مبینہ ویڈیو بھی وائر ل ہوئی جس میں ’خوف‘گینگ سے منسلک گینگسٹر کو جووینائل ہوم کے اندر فائرنگ کرتے دیکھا گیا، جس سے عوام میں تشویش پھیل گئی۔
سابق ڈی جی پی ایس پی وید نے بھی واقعے پر پولیس سے سوال اٹھائے اور نشاندہی کی کہ تینوں قیدی اب نابالغ نہیں رہے تھے۔انہوں نے ایکس پر پوسٹ میں کہا’’ایک قیدی نے دیسی کٹا حاصل کیا اور تینوں فرار ہوگئے، ممکنہ طور پر سرحد پار کرنے کی کوشش میں تھے۔ مجھے یقین ہے پولیس ٹیمیں انہیں اس سے پہلے پکڑ لیں گی‘‘۔
سنگھ کو گزشتہ سال جنوری میں جیول چوک علاقے میں حریف گینگ لیڈر سمت جندیل عرف ‘گٹارو’ کے قتل کے معاملے میں تقریباً ایک درجن دیگر ملزمان کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا اور بعد میں اسے جووینائل ہوم میں رکھا گیا تھا۔










