سرینگر: جموں و کشمیر حکومت نے بدھ کے روز قانون ساز اسمبلی کو مطلع کیا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کے مختلف محکموں میں۷۷ہزار سے زائد اسامیاں خالی پڑی ہیں جن میں براہِ راست تقرری اور ترقی دونوں کوٹہ شامل ہیں۔
یہ جواب ایم ایل اے عرفان حفیظ لون کے اس سوال کے تحریری جواب میں دیا گیا جس میں محکمہ وار خالی آسامیوں اور انہیں مقررہ مدت میں پُر کرنے کے اقدامات کی تفصیل طلب کی گئی تھی۔
وزیر اِنچارج نے بتایا کہ ان خالی اسامیوں میں وہ براہِ راست کوٹہ کی پوسٹیں بھی شامل ہیں جو پہلے ہی بھرتی ایجنسیوں کو بھیجی جا چکی ہیں اور وہ اسامیاں بھی جو انتخاب کے لیے مشتہر ہو چکی ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ تمام مشتہر شدہ اور ریفر کی گئی پوسٹیں مقررہ مدت میں پُر کی جائیں گی۔
سرکاری جواب کے مطابق مجموعی طور پر خالی اسامیوں کی تعداد۷۷ہزار۹۹ہے۔ ان میں براہِ راست کوٹہ کے تحت۳۸۰۳گزیٹیڈ‘۲۴ہزار۵۰۷ن گزیٹیڈ اور۱۲ہزار۳۵۱؍ایم ٹی ایس اسامیاں شامل ہیں۔
اسی طرح ترقی کوٹہ کے تحت۶ہزار۴۰۹گزیٹیڈ‘۲۴ہزار۴۵۱نان گزیٹیڈ اور۵ہزار۵۷۳؍ایم ٹی ایس اسامیاں شامل ہیں۔
حکومت نے کہا کہ آسامیوں کو بروقت پُر کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں جن میں اسامیوں کی نشاندہی اور انہیں بھرتی ایجنسیوں کو بھیجنا، قانونی فریم ورک کی پابندی، بھرتی عمل کا پیشگی منصوبہ بندی اور مختلف مراحل کی کڑی نگرانی شامل ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ طریقہ کار کو ہموار بنانے، بھرتی ایجنسیوں کے ساتھ تال میل مضبوط کرنے اور شفافیت و میرٹ برقرار رکھتے ہوئے بھرتی عمل تیز کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔
بھرتی ایجنسیوں نے سال۲۰۲۶ کے لیے امتحانی کیلنڈر بھی جاری کر دیا ہے جس پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔










