جناب آپ کا بہت بہت شکریہ ‘ آج آپ رخصت ہو رہے ہیں اور یقین کیجئے کہ اب کی بار ہمیں آپ کی میزبانی کرنے میں جو لطف آیا وہ ہم یہاں بیان نہیں کر سکتے ہیں …….ہاں یقیناً پہلے پہل ہمیں آپ کے حوالے سے کچھ خدشات تھے ‘کچھ شکوک و شبہات بھی تھے ‘لیکن جوں جوں ہم آگے بڑھے اور بڑھتے ہی گئے تو آپ نے ہمارے ان سارے خدشات اور شکوک و شبہات کو رفع دفع کیا …….انہیں دور کیا اور یہی وجہ ہے کہ آپ آج ہم سے جب رخصت ہو رہے ہیں تو ……. تو اللہ میاں کی قسم ہم آپ کو ہنسی خوشی رخصت کررہے ہیں ‘ وہ بھی اس دُعا کے ساتھ کہ آئندہ بھی آپ کا ہمیں ایسا ہی ساتھ نصیب ہو گا …….وہ کیا ہے کہ ہم اور آپ دو جسم ایک جان ہیں ……. کہ ہمارا آپ کے بغیر گزارا نہیں اور آپ ہمارے بغیر نا مکمل ہیں …….نا مکمل کیا کہ آپ کا وجود ہی ہماری وجہ سے ہے اور ہمارے لئے ہے …….کسی اور کیلئے نہیں ہے اور بالکل بھی نہیں ہے۔ جاتے جاتے ہم آپ سے کوئی گلہ یا شکوہ نہیں کرنا چاہتے ہیں لیکن ہاں اتنا ضرور ہے کہ ہمارے من میں ایک بات ہے …….جو کہیں نہ کہیں ہمیں تنگ کررہی ہے ‘ ہمیں اکسا رہی ہے……. اس بات پر اکسا رہی ہے کہ ہم آپ سے پوچھیں اور ……. اور ضرور پوچھیں کہ جناب آپ نے سارے کشمیر کو خوش کیا …….میدانی علاقوں کو بھی اور بالائی علاقوں کو بھی ……. آپ نےانہیںڈھیر سارا دیا ……. وہ سب کچھ جو آپ کے پاس تھا ‘ جو آپ دے سکتے تھے ……. یقین کریں ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے…….اور ایسا بھی نہیں ہے کہ ہمیں اس سے کوئی جلن ہو رہی ہے ……. لیکن ایسا بھی سرینگر نے کیا تھا جو آپ نے اسے اس سب سے محروم رکھا …….ویسے بھی سرینگر سے دوسرے بھی زیادتی کرتے رہتے ہیں ……. لیکن اللہ میاں کی قسم آپ سے ایسی توقع نہیں تھی ……. بالکل بھی نہیں تھی اور ……. اور اس لئے تھی کہ ہم جانتے تھے کہ آپ کی نظروں میں سب برابر نہیں ہیں ……. اور ایسا ہو بھی نہیں سکتا ہے …….آپ بالائی علاقوں پر زیادہ مہر بان ہو تے ہیں …….میدانی علاقوں پر کم ……. لیکن سرینگر سے تو آپ نے یوں سمجھ لیجئے اپنا منہ ہی موڑ لیا تھا ……. اس بار لیا تھا ……. خیر !آپ آج رخصت ہو رہے ہیں اور ہم اس موقع پر ایسی ویسی کوئی بات نہیں کرنا چاہتے ہیں جس سے آپ دُکھی ہوں ……. لیکن …….لیکن ہاں اتنا آپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ سرینگر دُ کھی ہے ۔یقین ہے کہ آپ آئندہ اس بات کا خیال رکھیں گے اُسی طرح جس طرح آپ نے اب کی بار کشمیر کے باقی حصوں کا خیال رکھا…….جس کیلئے ہم آپ کے مشکور ہیں ۔ تھینک یو چلہ کلاں…….تھینک یو!ہے نا؟



