سرینگر: جموں کشمیر حکومت نے حالیہ برفباری کے دوران برف ہٹانے کے کام میں مبینہ تاخیر اور ڈیوٹی سے غیر مجاز غیر حاضری کے معاملے پر محکمہ پبلک ورکس (آر اینڈ بی) کے متعدد افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کر دی ہے۔ بعض افسران کو معطل کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
محکمہ پبلک ورکس (آر اینڈ بی) کی جانب سے جاری ایک سرکاری مراسلے کے مطابق، یہ کارروائی۲۵جنوری۲۰۲۶کی اس رپورٹ کے بعد عمل میں لائی گئی جو نائب وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر کے پرسنل سیکشن نے، ان کے انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (آئی سی سی سی)، سری نگر کے دورے کے بعد پیش کی تھی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ دورے کے دوران انجینئر سندیپ ویشناوی، اسسٹنٹ انجینئر، مشینری ڈویژن سری نگر، ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔ اس کے علاوہ شوپیان، اننت ناگ، امام صاحب، ٹنگمرگ، زینہ پورہ اور کشمیر ڈویژن کے دیگر علاقوں سے منتخب نمائندوں اور عوامی وفود کی جانب سے بھی شکایات موصول ہوئیں، جن میں محکمہ پی ڈبلیو (آر اینڈ بی) کے بعض افسران اور عملے کی ناقص کارکردگی کی نشاندہی کی گئی۔
شکایات میں بروقت برف ہٹانے میں ناکامی کا ذکر کیا گیا، جس کے باعث سڑک رابطہ منقطع ہوا اور بنیادی خدمات متاثر ہوئیں۔ معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ درج ذیل افسران و اہلکاروں کو معطل کیا جائے اور انتظامی سہولت کے مطابق ان کی ذمہ داریاں دوبارہ تفویض کی جائیں:
• انجینئر نور دین، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر، پی ڈبلیو (آر اینڈ بی) سب ڈویژن امام صاحب، ڈویژن زینہ پورہ‘انجینئر شبیر احمد گانی، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر، مکینیکل و اسپتال ڈویژن ٹنگمرگ‘انجینئر ناصر، اسسٹنٹ انجینئر، مکینیکل و اسپتال ڈویژن اننت ناگ (سب ڈویژن دوم)‘انجینئر سندیپ ویشناوی، اسسٹنٹ انجینئر (پی ایم پیکیج)، مشینری ڈویژن سری نگر‘انجینئر رامز، جونیئر انجینئر، مکینیکل و اسپتال ڈویژن زینہ پورہ، سب ڈویژن امام صاحب۔
محکمہ نے متعلقہ چیف انجینئروں سے ایک دن کے اندر ضروری معلومات اور رائے فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ معاملے میں آئندہ کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
یہ مراسلہ موہب علی بخاری، جے کے اے ایس، انڈر سیکریٹری ٹو گورنمنٹ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔متعلقہ حکام سے مطلوبہ معلومات موصول ہونے کے بعد مزید کارروائی متوقع ہے۔










