جموں: جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں برف سے ڈھکے ایک بلند پہاڑی علاقے میں پھنسے۶۰؍افراد، جن میں راشٹریہ رائفلز کے۴۰فوجی جوان شامل تھے، کو بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) نے بحفاظت نکال لیا۔
ایک دفاعی ترجمان نے منگل کو یہ جانکاری دی۔
ترجمان کے مطابق، بی آر او نے پروجیکٹ سمپرک کے تحت بھدرواہ،چترگلہ محور پر واقع چترگلہ پاس میں یہ کامیاب ہائی آلٹی ٹیوڈ ریسکیو اور سڑک بحالی آپریشن انجام دیا۔ یہ علاقہ تقریباً۱۰۵۰۰فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ۳۵بارڈر روڈز ٹاسک فورس (بی آر ٹی ایف) کی۱۱۸روڈ کنسٹرکشن کمپنی (آر سی سی) نے۲۴جنوری کو یہ کارروائی شروع کی، جو شدید برفباری کے ایک دن بعد تھی۔ تقریباً۴۰گھنٹے تک جاری رہنے والی بھاری برفباری کے باعث سڑک پر پانچ سے چھ فٹ تک برف جم گئی تھی۔ بی آر او ٹیم نے تقریباً۳۸ کلومیٹر طویل سڑک کو برف سے صاف کیا۔
ترجمان نے کہا کہ ۲۵جنوری کی شام تک یہ راستہ کھول دیا گیا، جس کے بعد۲۰پھنسے ہوئے شہریوں اور۴راشٹریہ رائفلز کے۴۰فوجی جوانوں کو اسلحہ اور دیگر سازوسامان سمیت بحفاظت نکال لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق، یہ ریسکیو مشن۲۶جنوری کی ابتدائی ساعات میں مکمل ہوا اور اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جو انتہائی مشکل موسمی حالات اور بلند پہاڑی خطے میں بی آر او اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کا واضح ثبوت ہے۔
یہ آپریشن فوج کے ساتھ قریبی تال میل کے تحت انجام دیا گیا، جس سے نہ صرف فوری راحت ممکن ہوئی بلکہ علاقے میں اہم مواصلاتی رابطے بھی بحال ہوئے۔
ادھر، ترجمان نے بتایا کہ بی آر او نے ضلع راجوری کے کنڈی،کوٹ رانکا علاقے میں بھی اسٹریٹجک سڑکوں کی بحالی کا کام انجام دیا ہے۔
منگل کو راجوری،کنڈی،بدھل علاقے میں شدید برفباری کے بعد بی آر او نے فوری طور پر برف ہٹانے کی کارروائی شروع کی تاکہ علاقے میں اہم سڑک رابطہ بحال کیا جا سکے۔ پیر پنجال خطے میں واقع اس اہم سڑک پر تین فٹ تک برف جم جانے کے باعث کنڈی،کوٹ رانکا سب ڈویژن کا راجوری شہر سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق، شدید برفباری نے فوجی اور شہری نقل و حرکت کے ساتھ ساتھ طبی ایمرجنسی خدمات کو بھی متاثر کیا تھا۔
بلند خطرات کے باوجود،۳۱ بی آر ٹی ایف کے تحت پروجیکٹ سمپرک سے وابستہ۱۱۰آر سی سی کے بی آر او اہلکاروں نے دن رات مسلسل کام کرتے ہوئے خصوصی برف ہٹانے والی مشینری اور افرادی قوت تعینات کی۔
ان مسلسل کوششوں کے نتیجے میں پہلے مرحلے میں ایک لین سڑک کو بحال کیا گیا، جس سے کنٹرول شدہ گاڑیوں کی آمدورفت ممکن ہو سکی۔ ترجمان نے بتایا کہ تیز رفتار کارروائی کے باعث۱۴گھنٹوں کے اندر ٹریفک بحال ہو گئی، جس میں ایمرجنسی اور ضروری خدمات بھی شامل تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ برف ہٹانے اور سڑک کو چوڑا کرنے کا عمل بغیر رکے جاری رہا، اور۲۴گھنٹوں کے اندر تقریباً۳۵کلومیٹر طویل سڑک کو مکمل طور پر صاف کر کے محفوظ اور ہموار آمدورفت کے قابل بنا دیا گیا۔










