جموں: موں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں بھدرواہ چمبا بین الریاستی سڑک پر پیش آئے المناک سڑک حادثے میں جان کی بازی ہارنے والے۱۰فوجی جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے جمعہ کو یہاں ایک تعزیتی تقریب منعقد کی گئی، حکام نے بتایا۔
حکام کے مطابق، یہ تعزیتی تقریب وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا کی قیادت میں جموں کے ٹیکنیکل ایئرپورٹ پر منعقد ہوئی، جس میں فوج، بھارتی فضائیہ، بی ایس ایف، سی آر پی ایف، پولیس اور سول انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔
انہوں نے بتایا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے بھی شہید جوانوں کی میتوں پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس، جموں زون، بھیم سین توتی اور انسپکٹر جنرل سی آر پی ایف، جموں، آر گوپال کرشنا راؤ نے بھی ترنگے میں لپٹی ہوئی تابوتوں پر پھول نچھاور کیے۔
یہ حادثہ جمعرات کو اس وقت پیش آیا جب انسدادِ دہشت گردی آپریشن کے لیے فوجی جوانوں کو لے جانے والی ایک بکتر بند گاڑی۹ہزارفٹ کی بلندی پر واقع خنی ٹاپ کے مقام پر بھدرواہ چمبا بین الریاستی سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں۱۰فوجی جوان جاں بحق اور۱۱؍ دیگر زخمی ہو گئے۔
جموں میں قائم فوج کی وائٹ نائٹ کور نے اس واقعے کو’افسوسناک‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ خراب موسم اور خطرناک راستے پر سفر کے دوران گاڑی سڑک سے پھسل گئی۔










