سرینگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں۱۹سے۲۳جنوری تک وسیع پیمانے پر برف و باراں کا امکان ہے ۔ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں۱۵جنوری تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعد میں۱۵جنوری کی شام سے ایک کمزور مغربی ہوا کے نتیجے میں۱۶اور۱۷جنوری کو وادی میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ وادی میں۱۸جنوری کو موسم ابر آلود مگر خشک رہنے کی توقع ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ بعد میں۱۹۹۱؍اور۲۰کو بھی وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ۲۱جنوری کو ایک اور مغربی ہوا داخل ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں۲۲؍اور۲۳جنوری کو پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری اور میدانی علاقوں میں وسیع پیمانے پر بارشوں کا امکان ہے ۔
ان کا کہنا ہے تاہم میدانی علاقوں میں برف باری کا کوئی امکان نہیں ہے ۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں بتایا کہ وادی میں۱۵جنوری سے درجہ حرارت میں بہتری ریکارڈ ہونے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں صوبے کے کچھ علاقوں میں اگلے۲دنوں کے دوران درمیانی درجے کی دھند جاری رہ سکتی ہے ۔
مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ٹریفک اور انتظامیہ کی طرف سے جاری مشوروں پر سختی سے عمل کریں۔
وادی میں سخت سردیوں اور بھاری برف باری کے لئے مشہور چالیس روزہ چلہ کلاں کا نصف سے زیادہ حصہ بیت گیا ہے لیکن میدانی علاقوں میں برف باری نہیں ہوئی ہے جس کا لوگ خاص کر کسان بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
دریں اثنا کشمیر میں خشک موسم اور دن میں ہلکی دھوپ کھلی رہنے کے بیچ ٹھٹھرتی سردیوں کا زور تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے جس نے لوگوں کا صبح اور شام کے وقت گھروں سے باہر نکلنا از بس محال کر دیا ہے ۔
کشمیر ویدر کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی3.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
جنوبی کشمیر کا ضلع شوپیاں وادی میں سرد ترین علاقہ رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ پلوامہ ضلع میں شبانہ درجہ حرارت منفی7.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور اننت ناگ ضلع میں منفی6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
شمالی ضلع کپوارہ میں شبانہ درجہ حرارت منفی6.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی1.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی4.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی5.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی3.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
لداخ یونین ٹریٹری کے لیہہ اور کرگل اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی11.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں۱۷جنوری تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں۱۵جنوری سے درجہ حرارت میں بہتری متوقع ہے ۔










