نئی دہلی، 24 دسمبر (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو سابق وزیر اعظم بھارت رتن اٹل بہاری واجپائی کی 101ویں یوم پیدائش کے موقع پر اترپردیش کے لکھنؤ جائیں گے اور وہاں ”راشٹر پریرنا استھل” کا افتتاح کریں گے ۔
وزیر اعظم کے دفتر نے بدھ کو بتایا کہ مودی دوپہر تقریباً ڈھائی بجے پریرنا استھل کا افتتاح کریں گے اور ایک عوامی اجتماع سے خطاب بھی کریں گے ۔
آزاد ہندوستان کی عظیم شخصیات کی وراثت کا احترام کرنے کے وزیر اعظم مودی کے وژن سے متاثر ”راشٹر پریرنا استھل” ہندوستان کے سب سے معزز سیاستدانوں میں سے ایک کی زندگی، اصولوں اور مستقل وراثت کو خراجِ عقیدت پیش کرے گا، جن کی قیادت نے ملک کی جمہوری، سیاسی اور ترقیاتی سفر پر گہرا اثر ڈالا۔
یہ پریرنا استھل ایک تاریخی قومی یادگار اور مستقل قومی اہمیت کے حامل ایک متاثر کن احاطے کے طور پر تیار کیا گیا ہے ۔ تقریباً 230 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ اور 65 ایکڑ کے وسیع رقبے پر پھیلا یہکمپلیکس قیادت کی قدروں، قومی خدمت، ثقافتی شعور اور عوامی تحریک کو فروغ دینے کے لیے وقف ایک مستقل قومی اثاثہ تصور کیا گیا ہے ۔
اس احاطے میں ڈاکٹر شیاما پرساد مکرجی، پنڈت دین دیال اُپادھیائے اور سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے 65 فٹ اونچے کانسے کے مجسمے نصب ہیں، جو ہندوستان کی سیاسی فکر، قوم کی تعمیر اور عوامی زندگی میں ان کے اہم کردار کی علامت ہیں۔ اس میں تقریباً 98,000 مربع فٹ پر پھیلا ایک جدید میوزیم بھی ہے ، جسے کنول کے پھول کی شکل میں ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ یہ میوزیم جدید ڈیجیٹل اور انٹرایکٹو ٹیکنالوجی کے ذریعے ہندوستان کے قومی سفر اور ان دوراندیش رہنماؤں کے کردار کو پیش کرتا ہے ، جو زائرین کو ایک دلکش اور تعلیمی تجربہ فراہم کرتا ہے ۔
”راشٹر پریرنا استھل” کا افتتاح بے لوث قیادت اور خوش انتظامی کے اصولوں کو محفوظ رکھنے اور فروغ دینے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے اور یہ موجودہ اور آئندہ نسلوں کے لیے تحریک کا ذریعہ بننے کی امید ہے ۔










