وزیر اعظم نریندر مودی کو جمعرات کے روز سلطنتِ عمان کے منفرد اور اعلیٰ ترین سول اعزاز آرڈر آف عمان سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز سلطانِ عمان، سلطان ہیثم بن طارق نے بھارت،عمان تعلقات کے فروغ میں وزیر اعظم مودی کی ’غیر معمولی خدمات‘ اور ان کی ’بصیرت افروز قیادت‘ کے اعتراف میں عطا کیا۔
وزیر اعظم مودی کو یہ اعزاز عمان کے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران پیش کیا گیا، جو ان کے تین ملکی دورے کا آخری مرحلہ ہے۔ اس دورے میں اردن اور ایتھوپیا بھی شامل تھے۔
اعزاز حاصل کرنے کے بعد وزیر اعظم مودی نے کہا’’آرڈر آف عمان (فرسٹ کلاس) حاصل کرنا میرے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ میں اس اعزاز پر سلطان ہیثم بن طارق، عمان کی حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ یہ بھارت اور عمان کے عوام کے درمیان محبت اور اعتماد کی علامت ہے‘‘۔
یہ اعزاز وزیر اعظم مودی کو ملنے والے غیر ملکی ممالک کے اعلیٰ ترین سول اعزازات کی فہرست میں تازہ اضافہ ہے‘جو اب۲۸ سے زائد ہو چکے ہیں۔ حالیہ اعزازات میں ایتھوپیا کا ’’گریٹ آنر نشان آف ایتھوپیا‘‘ اور کویت کا ’’آرڈر آف مبارک الکبیر‘‘ بھی شامل ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا’’صدیوں سے ہمارے آباؤ اجداد ایک دوسرے سے جڑے رہے ہیں اور سمندری تجارت کے ذریعے روابط قائم رہے۔ بحیرۂ عرب ہمارے ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل بن چکا ہے۔ میں یہ اعزاز بھارت کے عوام کے نام کرتا ہوں، اور اپنے ان آباؤ اجداد کے نام بھی، جنہوں نے منڈوی سے مسقط تک سفر کر کے اس تعلق کی بنیاد رکھی‘‘۔
مودی نے یہ اعزاز اْن ملاحوں کے نام بھی منسوب کیا جنہوں نے صدیوں پر محیط روابط کے ذریعے دونوں ممالک کی ترقی میں کردار ادا کیا۔
۱۹۷۰ میں سلطان قابوس بن سعید کی جانب سے قائم کیا گیا آرڈر آف عمان (فرسٹ کلاس) دنیا کے منتخب رہنماؤں کو عوامی خدمات اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں نمایاں کردار پر دیا جاتا ہے۔
وزیر اعظم مودی کا مسقط کا یہ دورہ بھارت اور عمان کے درمیان سفارتی تعلقات کے ۷۰ برس مکمل ہونے کے موقع پر ہو رہا ہے، جہاں دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور ثقافت کے شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔
وزیر اعظم بدھ کے روز مسقط پہنچے تھے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔










