سرینگر/۱۵نومبر
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ہفتے کے روز سرینگر کے اُجالا اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے نوگام پولیس اسٹیشن دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ جمعے کی رات پیش آئے اس المناک حادثے میں ۹؍افراد جاں بحق جبکہ۳۲دیگر زخمی ہوئے تھے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایل جی سنہا نے اسپتال میں زیرِ علاج زخمی پولیس اہلکاروں، ریونیو افسران اور عام شہریوں سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے علاج معالجے کے بارے میں طبی عملے سے تفصیلی جانکاری لی۔
سنہا نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ زخمیوں کے علاج میں کوئی کمی نہ چھوڑی جائے اور بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
ذرائع کے مطابق دھماکہ۱۴نومبر کی رات تقریباً ۱۱بج کر۲۰منٹ پر اس وقت پیش آیا جب پولیس اسٹیشن نوگام کے احاطے میں ایک بڑی مقدار میں ضبط شدہ دھماکہ خیز مواد اور کیمیکلز اچانک پھٹ پڑے ۔
یہ مواد ایف آئی آر نمبر۲۰۲۵/۱۶۲کی تفتیش کے دوران برآمد ہوا تھا اور فارنزک پراسیسنگ کے لیے پولیس اسٹیشن کے کھلے حصے میں رکھا گیا تھا۔
دھماکے سے پولیس اسٹیشن کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا جبکہ قریب کے رہائشی مکانات بھی متاثر ہوئے ۔
ایل جی سنہا نے ہسپتال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے ۔ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہوں۔
اس سے پہلے سنہا نے نوگام پولیس اسٹیشن میں ہونے والے المناک حادثاتی دھماکے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے ۔
اہل جی نے کہا کہ حکومت جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ، دوستوں اورعزیزوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے ۔
سنہا نے اس واقعے پر اظہار دکھ کرتے ہوئے ’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’’سرینگر کے نوگام پولیس اسٹیشن میں انتہائی المناک حادثاتی دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرا رنج ہوا‘‘۔
ایل جی نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
سنہا کا کہنا تھا’’حکومت جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ، دوستوں اورعزیزوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے ، متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جا رہی ہے اور میں نے اس حادثاتی دھماکے کی وجہ معلوم کرنے کے لئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔‘‘
دریں اثنا سنہا نے ہفتہ کو نوگام پولیس اسٹیشن میں ہونے والے حادثاتی دھماکے میں جاں بحق ہونے والے نو افراد کو گلہائے عقیدت پیش کیا۔حکام کے مطابق سنہا نے یہاں پولیس کنٹرول روم میں اْنہیں گلدستے پیش کر کے خراجِ عقیدت ادا کیا۔
ایل جی سنہا نے ایکس پر لکھا’’نوگام پولیس اسٹیشن میں گزشتہ رات حادثاتی دھماکے میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں، ریونیو اہلکاروں اور ایک شہری کو گلدستہ نذر کیا اور دلی خراجِ عقیدت پیش کیا۔ قوم اْن کی بے لوث خدمت اور فرض کی ادائیگی میں دی گئی عظیم قربانی کی ہمیشہ مقروض رہے گی‘‘۔
ایل جی نے سوگوار خاندانوں سے بھی ملاقات کی اور گہرے دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا، ’’اس مشکل گھڑی میں پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
(ندائے مشرق خبر)‘‘










