گاندربل/۱۵ نومبر
دہلی میں لال قلع کے قریب ہوئے حالیہ دھماکے میں مرنے والوں میں وسطی کشمیر گاندربل کا ایک مزدور بھی شامل ہے۔
متوفی کی شناخت بلال احمد سانگو ولد غلام حسن سانگو، ساکن بابا نگری وانگت کنگن کے طور پر ہوئی ہے، جو۲۰۱۹ سے دہلی میں مزدوری کر رہا تھا۔
ایس ایس پی گاندربل خلیل احمد پوسوال نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے دکھائے گئے تصویری شواہد کے بعد اہل خانہ نے بلال کی شناخت کی۔
پوسوال نے کہا’’ریڈ فورٹ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں گاندربل کا ایک مزدور بھی شامل ہے۔ اہل خانہ نے تصویروں کے ذریعے اس کی شناخت کی ہے‘‘۔
ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ انتظامیہ میت کو کشمیر واپس لانے کے انتظامات کر رہی ہے۔’’ہم کوشش کر رہے ہیں کہ میت جلد از جلد یہاں پہنچائی جائے تاکہ آخری رسومات ادا کی جاسکیں۔ ہماری ٹیم دہلی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے‘‘۔
سانحے کی خبر سے بابا نگری وانگت علاقے میں سوگ کی فضا ہے، جہاں مقامی لوگ غمزدہ خاندان کے گھر تعزیت کیلئے جمع ہوئے۔ رشتہ داروں کے مطابق بلال تقریباً چھ برس پہلے دہلی گیا تھا تاکہ محنت مزدوری کرکے گھر کا خرچ چلا سکے۔
یاد رہے کہ لال قلع دھماکے میں۱۳؍ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، جبکہ دھماکے کی تحقیقات مختلف ایجنسیاں مشترکہ طور پر کر رہی ہیں۔ویب ڈیسک










