جموں//
اپنی پارٹی کے صدر‘ سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ کشمیری پنڈت برادری کشمیری سماج کا لازم و ملزوم اور اٹوٹ انگ ہے۔
پارٹی دفتر گاندھی نگر جموں میں منعقدہ ایک تقریب‘ جس میں کشمیری پنڈت برادری سے وابستہ ۱۸سے زائد معزز شخصیات، دانشوروں اور نیشنل کانفرنس وپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سے وابستہ لیڈران نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی‘سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے کہا’’کشمیری پنڈت برادری کشمیر کا لازم وملزوم اور ناقابل ِ تنسیخ حصہ ہے اور وہ جن حالات میں وہ وادی کشمیر چھوڑنے پر مجبور ہوئے وہ اب تاریخ ہے‘‘۔
اپنی پارٹی کے صدر نے اعتراف کیاکہ کشمیری پنڈتوں کی نقل مکانی ایک سانحہ تھا جس نے سماجی تانے بانے کو بکھیر کے رکھ دیا اور اِس کو بحال کرنے کی ضرورت ہے۔
نئے ساتھیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ ان کی شمولیت اپنی پارٹی کے لئے بڑی کامیابی ہے اور اِس سے پارٹی کو جموں وکشمیر کی عوام کی بہتری کیلئے کام کرنے کی غرض سے سماج میں اپنے جڑیں پھیلانے میں مدد ملے گی۔
بخاری نے کہا’’کشمیری پنڈت پڑھا لکھا اور دانشور طبقہ ہے اور سماج میں اْن کا ایک اہم کردار ہے۔ اْن کی شمولیت کے بغیر کشمیری سماج نامکمل ہے ،اسی لئے اپنی پارٹی کشمیری پنڈتوں کی واپسی اور بحالی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے لئے پْرعزم ہے‘‘۔انہوں نے یقین دلایاکہ کشمیری پنڈتوں کے مسائل کو اْجاگر کرنا اور اْن کا ازالہ اپنی پارٹی کی ترجیحات میں رہے گا۔
اپنی پارٹی کے صدر نے کہا’’ معززین اور سرکردہ سیاسی وسماجی شخصیات کی شمولیت سے کشمیری پنڈتوں اور کشمیری مسلم کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے‘‘۔انہوں نے کشمیری پنڈتوں کی طرف سے پارٹی میں بڑے پیمانے پر شمولیت اور پارٹی کی پالیسیوں کی ستائش پر خوشی کا اظہار کیا۔