سرینگر//
کشمیر میں جاری شدید گرمی سے راحت حاصل کرنے کیلئے نو عمر لڑکوں کا دریاؤں اور ندی نالوں میں نہانا انتہائی خطر ناک ثابت ہو رہا ہے ۔
گذشتہ دنوں کے دوران کئی ایسے واقعات پیش آئے جن میں نو عمر لڑکے نہانے کے دوران غرقآب ہو کر اپنے اہل خانہ کو مصیبت کے اتھاہ بھنور میں چھوڑ گئے ۔
سرینگر کے سویہ ٹینگ علاقے میں اسی نوعیت کا ایک اور واقعہ پیر کے روز رونما ہوا جب ایک چودہ برس کا لڑکا نہانے کے دوران دریائے جہلم میں ڈوب گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سرینگر کے سویہ ٹینگ علاقے میں پیر کے روز ایک چودہ سالہ لڑکا نہانے کے دوران غرقآب ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ لڑکے کی بازیابی کیلئے فوج‘ پولیس اور مقامی لوگوں نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے ۔
غرقآب ہونے والے لڑکے کی شناخت اسرار احمد ڈار ساکن پادشاہی باغ سرینگر کے بطور ہوئی ہے ۔