جموں//
منشیات فروشوں کے خلاف ایک اہم کریک ڈائون میں میرن صاحب پولیس اسٹیشن جموں نے منشیات کے ایک نیٹ ورک کا پردہ فاش کرکے۷منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے جن کی تحویل سے بھاری مقدار میں ہیرائن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ پولیس اسٹیشن میرن صاحب، جموں نے منشیات کے ایک نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے۷منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کی تحویل سے۱۶۰گرام ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد‘۲تیز دھار ہتھیار (ٹوکے )‘۵موبائل فون‘۷ہزار روپیے نقدی اور ایک سوئفٹ ڈزائر گاڑی ضبط کی گئی ہے ۔
ملزموں کی شناخت محمد منشا ولد محمد مرزا ولد گاندھو چوک پھالین منڈل، محمد سلیم ولد غلام حسین ساکن ہتلی موری کٹھوعہ، محمد کبیر ولد غلام رسول ساکن ریاسی، لعل حسین ولد عبدالحسین ساکن الوار پھالین منڈل، محمد مشتاق ولد عبد الحمید ساکن ریاسی، انیل کمار ولد رام دتا ساکن تھلوال پھالین منڈل اور آصف علی ولد شیر باز سکان گجر نگر جموں کے طور پر ہوئی ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ کامیاب آپریشن علاقے میں معمول کی ڈیوٹی کے دوران انجام دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ گرفتار شدگان کی پوچھ تاچھ سے اس نیٹ ورک کے متعلق مزید جانکاری حاصل ہو سکتی ہے ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن میرن صاحب میں این ڈی پی ایس ایکٹ، آرمز ایکٹ اور بی این ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات درج کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن ایس ڈی پی اور آر ایس پورہ اور ایس پی ہیڈکوارٹرز جموں کی نگرانی میں ایس ایچ او میرن صاحب انسپکٹر جے پال شرما کی قیادت میں انجام دیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس ممنوعہ مواد کا ذریعہ اور منزل معلوم کرنے کے لئے تحقیقات جاری ہیں اور پولیس اس کیس کے اگلے اور پیچھے کے تمام پہلوئوں پر کام کر رہی ہے ۔جموں پولیس نے لوگوں سے علاقے میں منشیات سے متعلق سرگرمیوں کے بارے میں اطلاع دینے کے لئے آگے آنے کی اپیل کی ہے ۔