سرینگر/۱۵؍اکتوبر
پولیس نے بدھ کے روز کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اپنی جاری مہم کو مزید تیز کرتے ہوئے بڈگام پولیس نے چاڈورہ علاقے میں ایک بڑی کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں نشہ آور مواد برآمد کیا ہے۔
ایک بیان میں پولیس نے کہا کہ مخصوص اطلاع کی بنیاد پر پولیس اسٹیشن چاڈورہ کو یہ اطلاع ملی کہ تین افراد ‘غلام رسول وانی، محمد الطاف وانی اور غلام نبی وانی (ساکنان چترو ڈانگر پورہ، فرزندان غلام محمد وانی)‘ نے اپنے رہائشی مکان میں بھاری مقدار میں چرس نما مواد چھپا رکھا ہے۔
پولیس اسٹیشن چاڈورہ کی ایک ٹیم نے ایک مجاز مجسٹریٹ فرسٹ کلاس کی نگرانی میں مذکورہ مقام پر چھاپہ مار کارروائی انجام دی۔ کارروائی کے دوران۲۷ نائلون بیگ برآمد ہوئے جن میں چرس نما مواد موجود تھا جس کا مجموعی وزن تقریباً ۳۲۵ کلو گرام تھا۔ موقع پر ہی ضابطے کی کارروائی کے تحت نشہ آور مواد کو ضبط اور سیل کر لیا گیا۔
اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن چاڈورہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات ۸/۲۰ کے تحت ایف آئی آر نمبر۱۸۱/۲۰۲۵ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
بڈگام پولیس نے سماج کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے اپنے عزم کو دہرایا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور منشیات کی اسمگلنگ یا کسی مشکوک سرگرمی سے متعلق کوئی بھی اطلاع فوری طور پر پولیس کو فراہم کریں۔
ادھر کولگام پولیس نے بدھ کے روز ایک بڑے آپریشن کے دوران غلام رسول ڈار ولد مرحوم عبدالرّحمان ڈار ساکن ویدو مشی پورہ کی جائیداد کو ضبط کیا۔
ذرائع کے مطابق، ضبط کی گئی جائیداد کی مالیت تقریباً۶۱ لاکھ روپے ہے، جو منشیات کی غیر قانونی کمائی سے حاصل کی گئی تھی۔
پولیس نے اس کارروائی کو ایگزیکٹیو مجسٹریٹ اور مقامی لوگوں کی موجودگی میں مکمل کیا، جب کہ اس سے قبل پولیس اسٹیشن کیموہ کی جانب سے تفصیلی تفتیش کی گئی تھی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ یہ کارروائی جموں و کشمیر پولیس کی جاری انسدادِ منشیات مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد منشیات کے نیٹ ورک کو توڑنا اور ان کے مالی ذرائع کو ختم کرنا ہے۔
علاقے کے لوگوں نے پولیس کی اس کارروائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے منشیات کے خلاف ایک مضبوط پیغام قرار دیا۔ مقامی شہریوں نے کہا کہ پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے نوجوانوں کو اس سماجی لعنت سے بچانے میں مدد ملے گی۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات فروشوں اور غیر قانونی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات فراہم کریں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائی مزید مؤثر بنائی جا سکے۔
دریں اثنا پولیس نے جموں میں۳ منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ پولیس اسٹیشن آر ایس پورہ کی ایک ٹیم علاقے میں معمول کی گشت پر تھی۔انہوں نے کہا کہ اس دوران پولیس ٹیم نے ۳ مشتبہ افراد کو دھر لیا۔
ان کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے تقریباً ۱۸۶ گرام ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد تینوں کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت اندرجیت ولد بلونت رام ساکن گاندھی کیمپ گرداس پور پنجاب حال چک تالاب آر ایس پورہ،وشال کمار ولد چرن داس ساکن ساگر پور گرداس پور پنجاب اورجگدیش راج ولد ملک راج ساکن چک تالاب آر ایس پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن آر ایس پورہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت زیر ایف آر نمبر ۲۰۳/۲۰۲۵؍ ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئی۔انہوں نے کہا کہ جموں پولیس منشیات کے ناسور کی بیخ کنی کے لئے پرعزم ہے۔
(ندائے مشرق خبر)










