پھگواڑہ، 11 اکتوبر (یو این آئی) پنجاب کے ضلع کپورتھلہ کی تحصیل پھگواڑہ کے بوہانی گاؤں میں ہفتہ کی صبح افرا تفری کا ماحول تھا، جب دو نامعلوم حملہ آوروں نے ایک مقامی ڈیری ملازم پر گولیاں چلا دیں، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔
یہ واردات صبح 7:30 سے 7:45 کے درمیان پیش آئی، جب متاثرہ شخص جس کی شناخت بوہانی کے رہائشی ارون کمار کے طور پر ہوئی، متاثرہ شخص معمول کے مطابق اپنے صارفین کو دودھ تقسیم کرنے جا رہا تھا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، گورو تورا نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دو نقاب پوش موٹر سائیکل پر آئے اور ارون کمار پر گولیاں چلا دیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ان لوگوں نے کم از کم پانچ گولیوں کی آوازیں سنیں، متاثرہ شخص کو تین گولیاں لگیں، ایک دائیں ہاتھ پر، دوسری بائیں پیر پر، اور تیسری پیٹھ میں اور پھر حملہ آور رانی پور گاؤں کی جانب فرار ہو گئے ، مقامی باشندے ارون کمار کی مدد کے لیے دوڑے اور انہیں پھگواڑہ کے سول اسپتال میں داخل کرایا، فی الحال زخمی شخص کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے ۔
پولیس کی ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا، فارنسک ماہرین کو طلب کیا گیا ہے اور ملزمین کی شناخت اور تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں، مسٹر تورا نے بتایا کہ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے ، ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ ارون کمار کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی۔








