جموں//
شدید گرمی کے بیچ سینکڑوں کی تعداد میں محکمہ جل شکتی کے ڈیلی ویجروں نے جموں میں احتجاجی ریلی نکالی جس وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ بدھ کے روز محکمہ جل شکتی میں تعینات ڈیلی ویجروں نے اپنی مانگوں کو لے کر احتجاجی ریلی نکالی اور توے پل پر دھرنا دیا۔
نامہ نگار نے بتایا کہ بی سی روڑ جموں میں چیف انجینئر کے دفتر سے ڈیلی ویجروں نے ریلی نکالی جس دوران وہ بی جے پی اور ایل جی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے ۔
نامہ نگارو نے مزید بتایا کہ ڈیلی ویجروں نے سیول سیکریٹریٹ کی طرف پیش قدمی شروع کی تاہم پہلے سے تعینات سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے اُنہیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی ، جس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہاتھا پائی کے منظربھی دیکھنے کو ملے ۔
احتجاجی ڈیلی ویجروں نے بعد میں توے پل پر دھرنا دیا جس وجہ سے جموں شہر میں بدترین ٹریفک جام کے مناظر دیکھنے کوملے ۔
نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران مظاہرین نے بتایا کہ جائز مانگوں کو لے کر بار بار احتجاج کرنے کے باوجود بھی سرکار اُن کی طرف کوئی توجہ مبذول نہیں کر رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ساٹھ ہزار کے قریب ڈیلی ویجر اورکیجول لیبر وں کے مستقلی کے حوالے سے سرکار لیت و لعل سے کام لے رہی ہے ۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ایل جی انتظامیہ اور بھاجپا کی جانب سے پچھلے دو سال سے اُنہیں صرف یقین دہانی دی جارہی ہیں عملی طورپر کچھ بھی نہیں کیا جارہا ہے ۔
مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر اُن کی مانگوں کو جلد از جلد پورا نہیں کیا گیا تو احتجاجی مظاہروں کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
دریں اثنا احتجاج کے باعث جموں کے کئی علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت کے باعث لوگوں نے سڑکوں پر آکر احتجاج کیا۔