نئی دہلی، 8 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی سیلاب متاثرہ پنجاب اور ہماچل پردیش میں حالات کا جائزہ لینے اور راحت رسانی کے کاموں کا معائنہ کرنے کے لیے منگل کے روز روانہ ہوں گے ۔
مسٹر مودی سیلاب متاثرہ پنجاب کے گرداسپور ضلع اور ہماچل پردیش کے کچھ اضلاع کا فضائی معائنہ کرکے صورت حال کا جائزہ لیں گے ۔ دونوں ریاستوں میں سیلاب کے باعث جان و مال کا کافی نقصان ہوا ہے ۔ سیکڑوں ایکڑ فصلیں برباد ہو گئی ہیں۔ دونوں ریاستوں میں دو سو سے زائد اموات ہوئی ہیں اور کروڑوں روپے کا مالی نقصان ہوا ہے ۔
پنجاب اس سال غیر متوقع سیلاب کی مار جھیل رہا ہے ۔ ریاست کی ندیوں میں طغیانی ہے ، جس کی وجہ سے کئی گاؤں زیرِ آب ہیں۔ عام زندگی پوری طرح درہم برہم ہو گئی ہے اور لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
ہماچل پردیش میں بھی گزشتہ ایک ماہ سے موسلا دھار بارش، بادل پھٹنے اورچٹانیں کھسکنے کی وجہ سے کئی اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ امکان ہے کہ مسٹر مودی ہماچل پردیش میں کلو، چمبا اور منڈی اضلاع کا فضائی سروے کریں گے ۔
پنجاب میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر سنیل جاکھڑ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے منگل کے روزمسٹر مودی کی پنجاب آمد کی تصدیق کی ہے ۔
اس سے قبل وزیر زراعت شیو راج سنگھ چوہان بھی سیلاب کا جائزہ لینے کے لیے پنجاب کے دورے پر گئے تھے ۔ وہاں انہوں نے سینئر افسران اور کسانوں سے گفتگو کے بعد مرکز کی جانب سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا تھا۔ مرکز نے پنجاب میں سیلاب سے ہوئے نقصان کا تخمینہ لگانے کے لیے دو ٹیمیں بھی بھیجی تھیں۔










