جموں//
جموں کشمیر کے ضلع راجوری میں بدھ کے روز اس وقت ایک خطرناک صورتحال پیدا ہوئی جب اچانک پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث ایک کمسن بچہ دریا کے بیچ میں پھنس گیا۔ تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے فوج، ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس ، جموں و کشمیر پولیس اور مقامی غوطہ خوروں نے ایک مشترکہ ریسکیو آپریشن انجام دے کر بچے کی قیمتی جان بچا لی۔
اطلاعات کے مطابق، بچہ دریا کے کنارے کھیل رہا تھا کہ اسی دوران موسلا دھار بارش کے سبب دریا میں طغیانی آ گئی اور وہ پانی کے بیچ ایک چٹان پر پھنس گیا۔ موقع پر موجود لوگوں نے فوراً حکام کو اطلاع دی جس کے بعد امدادی ٹیمیں حرکت میں آئیں۔
ریسکیو آپریشن انتہائی مشکل اور حساس مرحلہ تھا کیونکہ دریا کی روانی تیز ہو چکی تھی۔ فوجی جوانوں، ایس ڈی آر ایف اور پولیس اہلکاروں نے رسیاں، حفاظتی آلات اور مقامی تجربہ کار غوطہ خوروں کی مدد سے نہایت مہارت کے ساتھ بچے تک رسائی حاصل کی اور بعد ازاں فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسے بحفاظت کنارے تک پہنچایا۔
ریسکیو ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تیز رفتار کارروائی کو مقامی لوگوں نے خوب سراہا۔ اس موقع پر ایک فوجی افسر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا’’یہ آپسی ہم آہنگی اور عوامی تعاون کا نتیجہ تھا کہ ہم ایک قیمتی جان بچانے میں کامیاب رہے ۔ ہم ہر ممکن کوشش کریں گے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جائے ۔‘‘










