جموں//
جموں کشمیر کے ضلع ریاسی میں منگل کے روز ہوئی شدید بارش کے نتیجے میں دریائے چناب میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ درج کیا گیا ہے ، جس کے پیش نظر حکام نے سلال ڈیم کے گیٹ کھول دیے ہیں تاکہ اضافی پانی کو بحفاظت خارج کیا جا سکے اور نشیبی علاقوں میں ممکنہ سیلاب کے خطرے کو روکا جا سکے ۔
سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ احتیاطی اقدام کے طور پر یہ فیصلہ لیا گیا تاکہ ڈیم میں پانی کا دباؤ کم ہو اور نیچے کی طرف بہنے والے علاقوں میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے ۔
حکام نے مقامی آبادی کو بھی الرٹ رہنے اور دریائے چناب کے کنارے غیر ضروری طور پر نہ جانے کی ہدایت دی ہے ۔
محکمہ آبی وسائل اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ادھر محکمہ موسمیات نے اگلے ۲۴گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے جس کے باعث چناب اور دیگر دریاؤں میں پانی کی سطح مزید بلند ہو سکتی ہے ۔
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن نمبروں پر فوری رابطہ کریں۔










