جموں//
جموں کشمیر کے ضلع راجوری کے بدھل ڈویژن کے مارگ ڈوک علاقے میں آسمانی بجلی گرنے سے لگ بھگ سو بھیڑ بکریوں کی موت ہوگئی ۔
ذرائع نے بتایا کہ راجوری کے بدھل ڈویژن کے مارگ ڈوک علاقے میں تیز بارشوں کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے سے۹خانہ بدوش کنبوں کے لگ بھگ سو بھیڑ بکریاں مر گئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کنبے موسمی ہجرت پر تھے اور مارگ میں مال مویشیوں کے ساتھ ڈھیرہ زن تھے ۔
ایک متاثرہ نے کہا’’آسمانی بجلی گرنے سے ہمارے۸۰سے۹۰بھیڑ بکریوں کی موت ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہا’’ہمارے روزی روٹی کا انحصار مال مویشیوں پر ہی ہے ،ہم غریب ہیں، ہمارے روز گار کا کوئی دوسرا ذریعہ نہیں ہے ‘‘۔انہوں نے سرکار سے بھر پور مدد کرنے کی اپیل کی۔
شیپ ہسبنڈری کے ایک عہدیدار نے بتایا’’جائے موقع پر پہنچنے پر معلوم ہوا کہ ان کا کافی نقصان ہوا ہے ‘‘۔انہوں نے اس نقصان کا جائزہ لیا گیا اور متاثرین کو یقین دلایا کہ ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔