جموں//
جموں کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے بالائی علاقوں میں مشتبہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے منگل کی صبح ایک مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیموں نے بنی تحصیل کے لو وانگ اور سر تھل کے بالائی جنگلاتی علاقوں میں دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر آپریشن شروع کیا ہے ۔
ادھر سانبہ ضلع کے منوہر گوپالا اور شٹالہ کیمپ علاقوں میں بھی جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ نے منگل کی صبح کئی گھنٹوں پر محیط وسیع تلاشی مہم انجام دی۔
اسی دوران، ضلع کشتواڑ کے گھنے جنگلات پر مشتمل چھاترو کے سنگھ پورہ علاقے میں چھٹے روز بھی سرچ آپریشن جاری ہے ۔ یہ کارروائی۲۲مئی کو شروع ہوئی تھی جب ایک جھڑپ میں ایک فوجی جوان شہید ہوا تھا، تاہم دہشت گرد گھنے جنگلات اور مشکل جغرافیہ کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے ۔
ذرائع نے بتایا کہ جھڑپ کے بعد سے اب تک دہشت گردوں سے کوئی براہِ راست رابطہ نہیں ہو سکا، تاہم فورسز کا محاصرہ اور تلاشی کا دائرہ مسلسل قائم ہے تاکہ ان کا سراغ لگایا جا سکے ۔
حکام کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز مکمل طور پر مستعد ہیں اور ہر مشتبہ نقل و حرکت پر فوری ردعمل دے رہی ہیں تاکہ علاقے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے ۔