سرینگر//
گرمی کے پیش نظر ابتدائی گرمائی تعطیلات کی قیاس آرائیوں کے بیچ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر جی این یتو نے کہا ہے کہ فی الوقت اسکولوں کی گرمائی تعطیلات کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔
یتو کہا کہ وادی میں شدید گرمی کے پیش نظر ہم نے اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کی ہے ۔
ڈائریکٹر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
گرمائی تعطیلات کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا’’ابھی اس طرح کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ‘‘۔ان کا کہنا تھا’’وادی میں شدید گرمی کے پیش نظر ہم نے اسکول کے اوقات کار میں تبدیلی کی ہے ‘‘۔
یتو نے مزید کہا کہ محکمہ موسمی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اگر ضرورت پڑی تو موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ مکمل جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ وادی میں شدید گرمی پڑنے کے پیش نظرعوامی سطح پر اسکولوں میں ابتدائی گرمائی تعطیلات کرنے کی مانگ کی جا رہی تھی۔
حکومت نے بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کی ہے ۔نئے اوقات کے مطابق، سرینگر کے میونسپل حدود میں آنے والے اسکول صبح ساڈھے آٹھ بجے سے دوپہرڈھائی بجے تک کام کر رہے ہیں جبکہ کشمیر صوبے کے دیگر اضلاع کی میونسپل حدود سے باہر واقع اسکول صبح۹بجے سے شام۳بجے تک کام ہو رہا ہے ۔