سرینگر//
شمالی کشمیر کے سوپور میں پولیس نے پاکستان اور پاکستانی زیر قبضہ کشمیر میں مقیم تین مطلوب دہشت گرد ہینڈلرز کی جائیداد کو قرق کیا۔
پولیس بیان کے مطابق سوپور پولیس نے ارشید احمد تیلی ولد علی محمد ساکن نو پورہ تجر، فردوس احمد ڈار عرف عمر ڈار ولد عبدالخالق ڈار ساکن ہارون اور نذیر احمد ڈار عرف شبیر الٰہی ولد غلام رسول ڈار ساکن ہارون سوپور نامی تین مطلوب دہشت گردوں کی ۲۹مرلہ اراضی کو ضبط کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے کہاکہ یہ ضبطی ایف آئی آر نمبر۲۰۰۸/۲۸ تھانہ سوپور میں درج مقدمے کے تحت عمل میں لائی گئی ہے ۔
پولیس کے مطابق، کارروائی ضابطہ فوجداری کی دفعات ۸۲؍اور۸۳کے تحت ریونیو حکام کی موجودگی میں کی گئی، جس کی باقاعدہ منظوری معزز عدالت سے حاصل کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ مذکورہ تینوں افراد کو عدالت مجاز نے پہلے ہی ’اشتہاری مجرم‘قرار دیا ہے ۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی نہ صرف فرار ملزمان پر دباؤ ڈالنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے بلکہ اس کا مقصد وادی میں موجود دہشت گردی کے ڈھانچے کو توڑنا اور قومی سلامتی کو مستحکم بنانا ہے ۔
پولیس نے مزید بتایا کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور آئندہ دنوں میں مزید قانونی اقدامات متوقع ہیں۔