سرینگر//
وادی میں بدھ کی دوپہر سے موسم میں بہتری آنا شروع ہو گئی جس کے ساتھ ہی جہلم اور اس کی معاون ندی نالوں میں پانی کی سطح میں کمی متوقع ہے ۔
کچھ دنوں سے مسلسل بارشوں سے وادی میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی تھی جس سے جہلم اور اس کی معاون ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ گئی تھی۔
جنوبی کشمیر کے ضلع اسلام آباد کے سنگم کے قریب دریا جہلم میں پانی کی سطح شام کے وقت۸۳ء۲۱ فٹ ریکارڈ کی گئی، جو کہ ۲۱ فٹ کے سیلاب کے نشان کی سطح سے چند انچ زیادہ ہے۔ وہیں سرینگر کے رام منشی باغ میں پانی کی سطح۴۷ء۱۷ فٹ ریکارڈ کی گئی جب کہ خطرے کی گھنٹی کی سطح ۱۶ فٹ سے تھوڑا زیادہ ہے۔
سیلانی صورتحال میں بہتری ہونے کی توقع ہے کیونکہ محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ جمعرات سے آئندہ کچھ دنوں تک موسم خشک رہنے کاامکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کے ایک افسر نے بتایا کہ بدھ کے روز دوپہر کے بعد بارشوں کا سلسلہ آہستہ آہستہ تھمنے لگا ہے جبکہ جمعرات سے ایک ہفتے کے لئے موسم خوشگوار رہے گا ۔انہوں نے عوام سے خوفزدہ نہ ہونے کی اپیل کی ہے ۔
وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری اور میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں سے دریاؤں اور دیگر ندی نالوں میں طغیانی جیسی صورتحال پیدا ہوئی تھی ۔
ذرائع نے بتایا کہ دریائے جہلم میں سنگھم کے مقام پر بدھ کی صبح پانی کی سطح ۱۸فٹ تجاوز کر گئی تھی جبکہ رام منشی باغ سری نگر میں جہلم کی سطح آب۵۰ء۱۲فٹ تھی جو خطرے کے نشان سے ساڑھے تین فٹ کم تھی۔
وادی کے دیگر ندی نالوں بھی پانی سے لبالب بھرے ہوئے ہیں بلکہ کئی نالوں کا پانی کناروں سے بہہ کر سڑکوں اور رہائشی مکانوں میں بھی گھس آیا ہے جس نے لوگوں کو گھروں میں محصور کر دیا ہے ۔
سرینگر کے جہانگیر چوک علاقے کی سڑک پانی سے اس قدر بھری ہوئی ہے کہ وہ سڑک سے زیادہ ایک دریا کا ہی نظار پیش کر رہی ہے شہر کی دیگر کئی علاقوں کا حال بھی ایسا ہی ہے ۔
وادی کے سرحدی قصبہ گریز، بال تل اور دیگر پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی۔
وادی میں تازہ برف باری اور موسلا دھار بارشوں سے سردی میں اضافہ درج ہوا ہے جس نے لوگوں کو گرم لباس ایک بار پھر زیب تن کرنے پر مجبور کر دیا ہے ۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران۸ء۵۷ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت۰ء۱۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
وادی کے مشہور ترین سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران۶ء۶۹ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت۲ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران۱ء۴۶ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت۶ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران۸ء۳۴ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت۷ء۹ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران۲ء۷۵ ملی میٹر بارش ریکارڈہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت۶ء۱۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔