جموں//
سرینگر،جموں شاہراہ کو کم سے کم وقت میں قابل آمد ورفت بنانے کیلئے فوج کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
بتادیں کہ شاہراہ پر موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں کئی مقامات پر بھاری بھر کم مٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سینکڑوں کی تعداد میں ٹرکیں ‘ مسافر برداراور سیاحوں سے بھری گاڑیاں درماندہ ہوئی ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاہراہ کو قابل آمدورفت بنانے کی خاطر اگر چہ ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا گیا ہے تاہم لگاتار بارشوں کے باعث اُنہیں دقتیں پیش آرہی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ شاہراہ کو کم سے کم وقت میں قابل آمد و رفت بنانے کیلئے فوج کی خدمات حاصل کی گئی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ فوج کی شمالی کمان سے مدد طلب کی گئی ہے تاکہ پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا جاسکے ۔
ذرائع نے کہا کہ شاہراہ پر متعدد گاڑیاں اور اُن میں سوار مسافر درماندہ ہیں جن کی مدد کی خاطر فوج کو طلب کیا گیا ہے ۔
دریں اثنا ضلع انتظامیہ راجوری کا کہنا ہے کہ ضلع کے پہاڑی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے باعث کئی گوجر بکروال کنبے پھنس کر رہ گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ افراد کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کرنے کی خاطر فوج کی مدد طلب کی گئی ہے ۔
بتادیں کہ ٹنل کے آر پار موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں بھیانک طغیانی آئی ہوئی ہے جس کے پیش نظر متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔
اس دوران ٹریفک حکام نے بتایا کہ رام بن ضلعے میں کئی مقامات پر پتھر کھسک آنے اور مٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سے شاہراہ کو ٹریفک کی نقل وحمل کے لئے بند کر دیا گیا ہے ۔
حکام نے کہا کہ موسلا دھار بارشوں سے اودھم پور سے قریب سولہ کلو کیٹر دور ٹولڈی نالے کے قریب شاہراہ کا قریب ڈیڑھ سو فٹ حصہ بہہ گیا ہے اس کے علاوہ سڑک کو صاف کرنے کیلئے استعمال کی جانے والی کئی مشینیں دریائے توی میں ڈوب گئی ہیں جس سے شاہراہ کو قابل آمد و رفت بنانے کے مشکلات میں مزید اضافہ درج ہوا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ شاہراہ پر قریب تین ہزار چھوٹی بڑی گاڑیاں درماندہ ہوئی ہیں۔
ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو جموں صوبے کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ بھی مٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سے بند ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ پوشنا علاقے میں مٹی کے بھاری بھرکم تودے گر آنے کی وجہ سے مغل روڈ بند ہوگیا۔ انہوں نے کہا گرچہ روڈ کو صاف کرنے کا کام جاری ہے لیکن لگاتار بارشوں سے کام از حد متاثر ہو رہا ہے ۔
اس دوران سرینگر جموں شاہراہ جمعرات کے روز دو طرفہ ٹریفک کیلئے بند رہے گی۔
سرکاری ذرائع نے بتایاکہ موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں شاہراہ پر جگہ جگہ پسیاں گر آئی ہیں جس وجہ سے اْنہیں ہٹانے میں کافی وقت درکار ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ گر چہ شاہراہ کو قابل آمدورفت بنانے کی خاطر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا گیا ہے تاہم اس میں مزید کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق جمعرات کے روز شاہراہ دو طرفہ ٹریفک کیلئے بند رہے گی لہذا مسافروں اور ڈرائیوروں سے التجا ہے کہ وہ جمعرات کو اس شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں۔
حکام نے بتایا کہ دیول برج کے نزدیک ۱۲۵میٹر شاہراہ کو نقصان پہنچا ہے جبکہ کیفٹ ایریا ، بیٹری چشمہ کے نزدیک بھاری برکم پسیاں گر آئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ شاہراہ کو قابل آمدورفت بنانے کی خاطر کام جاری ہے۔
بتادیں کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو سرینگر جموں شاہراہ پرموسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں پہاڑی سے بھاری برکم پتھر نیچے گر آئے جس وجہ سے شاہراہ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔