ریاض//
سعودی عرب نے ہند،پاک جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی سے خطے کا امن خطرے میں پڑ سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت سعودی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کیا گیا۔
وزارت خارجہ نے سعودی عرب کی جانب سے دانش مندی اور تحمل کا مظاہرہ کرنے پر دونوں ملکوں کی تعریف کی، تنازعات کو مذاکرات اور پرامن ذرائع سے حل کرنے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا اعادہ کیا۔
کابینہ اجلاس کے اعلامیہ میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دیرپا امن کے فروغ کی کوششوں کو سراہا گیا اجلاس نے ہند۔پاک جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے مابین پائیدار امن کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ ہند۔پاک کشیدگی سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، دونوں ممالک لوگوں کی سلامتی اور خطے کے ممالک کی ترقی کو فروغ دیں۔
اس کے علاوہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سعودی کابینہ کے اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ سعودی عرب کا خیرمقدم کیا گیا اور ان کے استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ سعودی عرب اور امریکہ مستقبل میں مل کر کام کریں گے، امید ہے دونوں ملکوں میں مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔
اجلاس میں سعودی کابینہ اراکین کی جانب سے غزہ میں اسرائیلی اقدامات کی شدید مذمت کی گئی۔ اراکین کا کہنا تھا کہ سعودی عرب مظلوم فلسطینی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔