سرینگر//
جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر اتفاق بر قرار رہنا چاہئے۔
عمرعبداللہ نے ساتھ ہی کہا کہ تمام لوگ ایسا ہی چاہتے ہیں صرف کچھ ٹی وی چینلز کے اینکر اس معاہدے کے خلاف ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار منگل کو شمالی کشمیر کے کرناہ میں گولہ باری سے ہوئی تباہی کا جائزہ لینے کے دوران نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
جنگ بندی کے بارے میں پوچھے جانے پر وزیر اعلیٰ نے کہا’’ہم سب چاہتے ہیں کہ جنگ بندی معاہدہ بر قرار رہے صرف کچھ ٹی وی چینلز کے اینکر جو دور ممبئی، نویڈا میں بیٹھے ہوئے ہیں، ان ہی لوگوں کو جنگ بندی پسند نہیں ہے‘‘۔
عمرعبداللہ کا کہنا تھا’’سرحدی علاقوں کے علاوہ سری نگر اور جموں کے لوگوں نے اس بار حالات دیکھے، وہ چاہتے ہیں کہ جنگ بندی معاہدہ بر قرار رہے اور یہ معاہدہ بر قرار رہنا چاہئے‘‘۔
وزیر اعلیٰ نے سرحدی علاقوں میں بنکروں کی تعمیر کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا’’پہلے یہاں کمیونٹی بنکر تھے، جن کی پھر کافی عرصہ تک ضرورت نہیں پڑی اور اس کے بعد نئے بنکر نہیں بنائے گئے‘‘۔
عمرعبداللہ نے کہا’’اب یہاں لوگوں کی طرف سے مانگ آئی ہے لہذا بنکروں کی تعمیر کے لئے ایک اسکیم بنائی جائے گی جس کو مرکزی حکومت کو پیش کیا جائے گا‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’کرناہ میں کافی مالی نقصان ہوا ہے تاہم یہ خوش قسمتی کی بات ہے کہ یہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا‘‘۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور یہ مکمل ہونے کے بعد جو معاوضہ دینا ہوگا وہ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایس ڈی آر ایف کے تحت دکانوں کو معاوضہ نہیں ملتا ہے لیکن ہم اس پر ایک پیکیج بنائیں گے۔
اس سے پہلے جموںکشمیر کے وزیر اعلیٰ‘ عمر عبداللہ نے منگل کے روز شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے ٹنگڈھار علاقے کا دورہ کیا اور حالیہ پاکستانی گولہ باری سے ہوئی تباہی کا جائزہ لیا انہوں نے اس دوران متاثرہ کنبوں کے ساتھ بات چیت بھی کی ۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے تکلیف سے کسی بھی صورت میں چشم پوشی نہیں کی جائے گی۔
عمرعبداللہ نے ’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہا’’ٹنگڈھار کے گولہ باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور ان خاندانوں سے ملاقات کی جنہوں نے گہرے درد کے درمیان غیر معمولی ہمت کا مظاہرہ کیا‘‘۔
وزیر اعلیٰ نے کہا’’ان کا حوصلہ متاثر کن ہے،حکومت ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے، ان کے دکھ درد سے ہرگز چشم پوشی نہیں کی جائے گی‘‘۔
عمرعبداللہ کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا’’ان کی عزت اور نئی امید کے ساتھ ان کی زندگیوں کی تعمیر میں مدد کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا‘‘۔
وزیر اعلیٰ نے گذشتہ روز ضلع پونچھ میں گولہ باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور اس دوران متاثرین کو حکومت کی سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کی۔