سرینگر//
وادی کشمیر کے معروف سیاحتی مقام گلمرگ کے ہاکدپتری جنگلی علاقے سے منگل کو کیرالہ سے تعلق رکھنے والے سیاح کی لاش برآمد ہوئی ہے ، جس پر جنگلی جانوروں کے حملے کے واضح نشانات پائے گئے ہیں۔
ابتدائی تفتیش سے یہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ متوفی ریچھ کے حملے کا شکار ہوا ہے ۔
حکام نے متوفی کی شناخت محمد شانیب ولد عبدالسلام ساکن کیرالہ کے طور پر کی ہے ، جو۱۸؍اپریل کو کشمیر پہنچا تھا اور تب سے گلمرگ میں مقیم تھا۔
ضلعی حکام کے مطابق، سیاح کی لاش گلمرگ کے دور افتادہ مقام ہاکدپتری سے برآمد کی گئی، جو عام سیاحوں کی رسائی سے قدرے دور ہے ۔
لاش پر پائے گئے زخموں کی نوعیت سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ کسی خونخوار جنگلی جانور، غالباً ریچھ کے حملے کا شکار ہوا۔
دریں اثنا پولیس نے بتایا کہ لاش کو سب ڈسٹرکٹ اسپتال ٹنگمرگ منتقل کیا گیا ہے ، جہاں پوسٹ مارٹم اور دیگر طبی و قانونی ضابطے مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ موت کی اصل وجوہات کی باقاعدہ تصدیق ہو سکے ۔