سرینگر//
پہلگام کے بیسرن علاقے میں پیش آئے دل دہلا دینے والے دہشت گردانہ حملے کے دوران احمد آباد کے ایک سیاح نے نادانستہ طور پر ایسا ویڈیو ریکارڈ کیا جو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے ۔
اس ویڈیو میں حملے کے مناظر، فائرنگ کی آوازیں اور لوگوں کی جان بچا کر بھاگنے کی کوششیں صاف دیکھی جا سکتی ہیں۔
رشی بٹ نامی یہ سیاح، جو اپنی فیملی کے ساتھ وادی کشمیر کی سیر پر آیا تھا‘۲۲؍اپریل کو پہلگام کے خوبصورت بیسرن سیاحتی مقام پر زپ لائن کی سواری کر رہا تھا۔ س
یلفی اسٹک کے ذریعے بنائی گئی۵۳سیکنڈ کی اس ویڈیو میں رشی بٹ فضا میں جھولتے ہوئے نیچے موجود قدرتی مناظر سے محظوظ ہو رہا ہے ، لیکن اچانک ویڈیو میں فائرنگ کی آوازیں سنائی دینے لگتی ہیں، اور نیچے لوگوں کو چیختے ، بھاگتے اور جان بچاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔
ویڈیو میں ایک شخص کو مبینہ طور پر گولی لگنے کے بعد زمین پر گرتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے ، جو حملے کی شدت اور بے رحمی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔
رشی بٹ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا’’میں اپنی بیوی اور بیٹے کے ساتھ۲۲؍اپریل کو بیسرن پہنچا۔ ہم نے زپ لائن پر سواری کرنے کا فیصلہ کیا۔ جب میری بیوی اور بچہ بحفاظت نیچے پہنچ گئے ، تب میں نے زپ لائن سواری شروع کی۔ لیکن جیسے ہی میں فضا میں تھا، اچانک نیچے گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دیں‘‘۔
رشی بٹ کا کہنا ہے کہ جیسے ہی وہ نیچے اترا، اس نے ایک نہایت ہی ہولناک منظر دیکھا’’ میں نے خود دیکھا کہ کسی سے اس کے مذہب کے بارے میں پوچھا جا رہا تھا، اور فوراً اس پر گولی چلا دی گئی۔ یہ منظر میرے ذہن سے کبھی نہیں مٹے گا‘‘۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ فوراً زپ لائن سے چھلانگ لگا کر ایک جھاڑیوں والے اندھیرے مقام میں چھپ گیا اور تقریباً دس منٹ تک وہیں بیٹھا رہا۔جب گولیاں کچھ دیر کیلئے رک گئیں تو میں وہاں سے بھاگا اور کسی طرح اپنی جان بچا کر محفوظ مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوا۔
رشی بٹ کے مطابق یہ لمحہ نہایت غمگین تھا، تاہم انہوں نے سکیورٹی فورسز اور مقامی افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بعد میں ان کی مدد کی۔
اس ویڈیو نے ایک بار پھر پہلگام حملے کی سنگینی اور دہشت گردوں کی سفاکی کو دنیا کے سامنے عیاں کر دیا ہے ۔ اب سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو حملے کے ثبوت کے طور پر گردش کر رہا ہے ، جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے اس ویڈیو کو اپنی تحقیقات کا حصہ بنا لیا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ۲۲؍اپریل کو بیسرن علاقے میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں۲۶؍افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے ۔ حملے کے بعد علاقے میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں اور سرچ آپریشن بدستور جاری ہے ۔