سرینگر//
جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کل سرینگر میں آل پارٹی میٹنگ طلب کی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ آل پارٹی میٹنگ میں تمام سیاسی جماعتوں بشمول ممبران پارلیمان اور حزب اختلاف کے لیڈر سنیل شرما کو شرکت کرنے کی دعوت دی گئی ہے ۔
عمر عبداللہ نے خط میں لکھا’’یہ اجلاس صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے، دہشت گردی کی مشترکہ مذمت کا اظہار کرنے اور امن، انصاف اور لچک کو یقینی بنانے کے لئے آگے کے راستے پر غور و خوض کرنے کے لئے بلایا گیا ہے‘‘۔
معلوم ہوا ہے کہ اجلاس جمعرات کی سہ پہر تین بجے ایس کے آئی سی سی سری نگرمیں منعقد ہوگا اور اس حوالے سے تمام تر تیاریوں کو آخری شکل دی جارہی ہے ۔
اس اہم اجلاس کا مقصد نہ صرف دہشت گردی کے وحشیانہ واقعے کی متفقہ طور پر مذمت کرنا ہے بلکہ وادی میں امن و امان کی بحالی اور آئندہ کے لائحہ عمل کے تعین کیلئے ہم آہنگی پیدا کرنا بھی ہے ۔