سرینگر//
جموں کشمیر کے شمالی ضلع بارہمولہ کے اوڑی سیکٹر میں دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے دو ملی ٹینٹوں کو ہلاک کر دیا۔
دفاعی ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اوڑی سیکٹر میں سرجیون نالہ کے نزدیک مشتبہ نقل وحرکت کے بعد فوج نے دراندازوں کو للکارا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
ترجمان نے کہاکہ کچھ دیر تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کردی گئی ہے ۔
دفاعی ترجمان کے مطابق مہلوک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے ۔ علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے ۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب وادی میں پہلگام حملے کے بعد ہائی الرٹ جاری ہے اور سیکورٹی ایجنسیاں کسی بھی مشتبہ نقل و حرکت پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت اور ان کے تنظیمی روابط کی تصدیق کی جا رہی ہے ۔ دراندازی کی اس کوشش سے ایک بار پھر اس بات کا اشارہ ملا ہے کہ سرحد پار سے ملی ٹینسی کی سرگرمیاں دوبارہ زور پکڑ رہی ہیں۔