سرینگر//
پہلگام میں منگل کو پیش آئے دہشت گردانہ حملے کے بعد وادی میں موجود سیاحوں کی واپسی کو آسان بنانے کے لیے ایوی ایشن ریگولیٹری اتھارٹی (ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن) نے تمام ایئرلائنز کو سرینگر سے مختلف شہروں کے لیے اضافی پروازیں چلانے کی ہدایت دی ہے ۔
ڈی جی سی اے کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ پہلگام میں پیش آئے ہولناک واقعے کے بعد ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے سیاحوں میں فوری واپسی کی طلب میں غیرمعمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔ اس تناظر میں ایئرلائنز سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر اقدامات اٹھائیں تاکہ متاثرہ اور پھنسے ہوئے سیاحوں کی بروقت منتقلی ممکن ہو سکے ۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ ایئرلائنز کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سرینگر روٹ پر ٹکٹ کی منسوخی اور دوبارہ شیڈولنگ کی فیس معاف کریں تاکہ اس ہنگامی صورتحال میں مسافروں کو کسی مالی بوجھ کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
اس کے علاوہ، سول ایوی ایشن کی وزارت نے تمام ایئرلائنز کو ہدایت دی ہے کہ سرینگر روٹ پر کرایوں میں اچانک اضافے سے گریز کیا جائے ۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ موجودہ نازک صورتحال کے دوران مسافروں کی سہولت کو ترجیح دی جائے ۔
ذرائع کے مطابق، ایئر انڈیا اور انڈیگو نے بدھ کے روز سرینگر سے اضافی پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے تاکہ سیاحوں کو بحفاظت ان کے گھروں تک پہنچایا جا سکے ۔انتظامیہ نے تمام مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور حکومتی رہنمائی پر عمل کرتے ہوئے محفوظ طریقے سے اپنی واپسی کو ممکن بنائیں۔
دریں اثنا پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا سے نئی دہلی کے لیے ایک خصوصی ریل گاڑی چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس اقدام کا مقصد پھنسے ہوئے مسافروں کو بحفاظت ان کے مقامات تک پہنچانا ہے ۔
ریلوے ذرائع کے مطابق یہ خصوصی ٹرین آج رات)بج کر۲۰منٹ پر شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوگی۔
ٹرین مختصر وقت کے لیے ادھمپور (شہید کپٹن تشار مہاجن اسٹیشن) پر۴۸:۹تا ۵۰:۹بجے اور جموں توی ریلوے اسٹیشن پر۰۰:۱۱تا ۰۵:۱۱بجے رکے گی، اور پھر نئی دہلی کے لیے روانہ ہوگی، جہاں یہ صبح۳۰:۹بجے پہنچے گی۔
مسافروں کی سہولت کے لیے اس ٹرین کی ٹکٹیں کٹرا، ادھمپور اور جموں ریلوے اسٹیشنز پر کاؤنٹر سے دستیاب ہوں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ ٹرین ہجوم کو کم کرنے اور مسافروں کو آرام دہ سفر کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ انتظامیہ نے بتایا کہ رام بن کے مقام پر قومی شاہراہ کو یک طرفہ آمد و رفت کے لیے قابل آمد و رفت بنا دیا گیا ہے ، جس سے کشمیر اور جموں میں پھنسے مسافر اور سیاح اب اس خصوصی ریل گاڑی یا سڑک کے ذریعے اپنا سفر مکمل کر سکتے ہیں۔
انتظامیہ نے تمام سیاحوں اور مسافروں سے گزارش کی ہے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں تاکہ موجودہ چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے ۔