سرینگر/۲۳اپریل
سیکورٹی ایجنسیوں نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں کل ہوئے گھناو¿نے حملے میں ملوث تین دہشت گردوں کے خاکے جاری کیے ہیں۔
ایک ایسے وقت میں جب ملک اس سانحے سے نمٹنے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے، سکیورٹی ایجنسیاں دہشت گردوں کا سراغ لگانے اور اس خوفناک حملے کے پس پردہ بے رحمانہ منصوبے کو بے نقاب کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔
پاکستان میں قائم کالعدم دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کے پراکسی مزاحمتی محاذ نے کل کے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کشمیر کا دورہ کیا اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلی عمر عبداللہ کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی جو سعودی عرب میں تھے، اپنا دورہ مختصر کرکے واپس چلے آئے۔
قبل ازیں وزیر اعظم نے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی اور کہا کہ متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس گھناو¿نے فعل کے پیچھے جو لوگ ہیں انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔” انہیں بخشا نہیں جائے گا! ان کا مذموم ایجنڈا کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ دہشت گردی کے خلاف لڑنے کا ہمارا عزم غیر متزلزل ہے اور یہ مزید مضبوط ہوگا“۔
زندہ بچ جانے والوں کے بیانات کے مطابق، دہشت گردوں نے ان سے پوچھا کہ ان کا مذہب کیا ہے اور پھر ان افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو ان کے گھروں کو واپس بھیجا جا رہا ہے۔ شہری ہوا بازی کی وزارت نے ایئر لائنز سے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کو کہا ہے تاکہ کشمیر میں پھنسے سیاح اپنے گھروں کو لوٹ سکیں۔
دہشت گردانہ حملے کے بعد دہلی اور ممبئی سمیت ملک کے اہم شہروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔